سمارٹ میٹرز کی تنصیب ناگزیر، دیہات کیلئے شمسی توانائی منصوبے بنائیں : شہباز شریف

سمارٹ میٹرز کی تنصیب ناگزیر، دیہات کیلئے شمسی توانائی منصوبے بنائیں : شہباز شریف

بجلی چوری کے مکمل خاتمے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت،تقسیم کار کمپنیوں کے بلنگ سسٹم کا ٹیکنیکل آڈٹ کرائیں بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی اثاثہ،کیو-آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کیلئے آگاہی مہم چلائیں:وزیراعظم

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔پاور سیکٹر کی بہتری کے لئے ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے ،ملک بھر میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاور  ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے پاور سیکٹر اصلاحات ، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی بہتر کارکردگی پر وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکرٹری پاور ڈویژن فخر عالم اور پاور سیکٹر ٹاسک فورس کی پزیرائی کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لئے پاور سیکٹر میں ہر سطح پر سخت اقدامات کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بلنگ سسٹم کا ٹیکنیکل آڈٹ کروانے ، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی جانچنے کے لئے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز ترتیب دینے اورٹائم لائن کے ساتھ مربوط اہداف متعین کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بہترین کارکردگی والی ڈسکو کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے گاؤں کی سطح پر شمسی توانائی (سولرآئزیشن) کے منصوبے تیار کئے جائیں۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا تکنیکی اور کمرشل نقصان بتدریج کم ہورہا ہے ۔پچھلے مالی سال میں ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز کی مد میں سب سے کم نقصان اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالا کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہوا۔ دریں اثناشہبا زشریف نے کہا بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔وزیرِ اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت خارجہ، مختلف ممالک میں پاکستان کے سفراء، وزارت داخلہ، ایف آئی اے وزارت آئی ٹی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ کیو-آر کوڈ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے اندراج کی ڈیجیٹائزیشن خوش آئند ہے ، سفارتخانوں میں اسے آویزاں کرکے رسائی میں اضافہ کیا جائے۔

کیو-آر کوڈ کے ذریعے شکایات کے اندراج کے حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی آگہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس نظام کے ذریعے شکایات کا اندراج کرواسکیں۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے ملاقات کی اس دوران وزارت قومی صحت کے امور سمیت مجموعی ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگوہوئی۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو وزارت میں جاری منصوبوں اور بیماریوں کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے خصوصی اقدامات پر بریفنگ دی۔ شہباز شریف نے ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں ڈپٹی سپر نٹنڈنٹ پولیس دیار خان سمیت 9 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیااور شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی۔وزیراعظم نے شمالی بحیرہ عرب میں پھنسے ماہی گیروں کو بچانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاک بحریہ کے جہازپی این ایس تیمورنے کامیاب آپریشن میں سمندر میں پھنسے 19ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کیا۔ یہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے عزم اور ہمہ وقت تیاری کا مظہر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...