پنجاب کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی : مریم نواز
خواتین با اختیار بن رہیں،میرے لئے فخر کا مقام :چوہنگ پولیس ٹریننگ کالج میں پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب مزید 7 اضلاع کیلئے الیکٹرک بسوں کا افتتاح ،خواتین، طلبہ، بزرگوں،معذوروں کیلئے سفر مفت ہو گا:وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب آج گورننس اور ترقی میں آگے ہے ، پنجاب کی ترقی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی پولیس افسر وں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی ہونہار، ہمت والی بیٹیوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، بچیوں کے درمیان کھڑے ہو کر فخر اور جذبات بڑھ جاتے ہیں ، بچیوں نے 40 ہفتوں کی ٹریننگ مکمل کی ،بچیوں پر یقین کرنے والے والدین قابل تحسین ہیں، خواتین تمام اداروں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، پنجاب میں خواتین با اختیار بن رہی ہیں، یہ میرے لیے فخر کا مقام ہے ۔انہوں نے کہاکہ وردی پہننا آسان نہیں، فرائض کا احساس لازمی ہے ، پنجاب میں بچیاں سکوٹی سہولت سے مستفید ہو رہی ہیں، خواتین آج بآسانی ٹیکسی چلا کر روزگار کما رہی ہیں، خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں، پنجاب آج ہر شعبے میں سبقت لے گیا ، پنجاب جس طرح چل رہا ہے اس کی مثال پوری دنیا دے رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ، یہ خواتین کیلئے محفوظ صوبہ ہے ، کرائم ریٹ کم ہوگیا، ہمیں پنجاب کے گلی محلوں کو بیٹیوں کیلئے محفوظ بنانا ہے ، پنجاب کو خواتین کیلئے محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئی جی پنجاب سے درخواست ہے خواتین کی بھرتی کا عمل مزید آسان بنایا جائے ، ٹیکنالوجی میں بڑی سرمایہ کاری کی گئی ہے جو مستقبل میں کارآمد ثابت ہوگی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ میں لیڈی ریکروٹ کلاس کورس 18 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا ، لیڈی پائلٹس سکواڈ کی حفاظت میں پریڈ گراؤنڈ پہنچنے پر وزیراعلیٰ کا شاندار استقبال کیا گیا ،پولیس کی لیڈی ریکروٹ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج کیپٹن سہیل نے وزیر اعلیٰ کو پینٹنگ پیش کی۔ پنجاب پولیس کی تاریخ میں پہلی لیڈی کمانڈوز نے مختلف فارمیشنز سے چیف منسٹر پنجاب کا مخفف CMP بنا کر سلامی پیش کی۔
دریں اثناء مزید 7 اضلاع کے 17 روٹس پر 77 الیکٹرک بسیں عوام کی خدمت پر مامورکر دی گئیں اوروزیر اعلیٰ پنجاب نے ویڈیو لنک کے ذریعے ان الیکٹرک بسوں کا افتتاح کر دیاجس کے بعد پنجاب کے 36 اضلاع میں مجموعی طور پر 588 الیکٹرک بسیں فعال ہو گئیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ وہاڑی،لودھراں،قصور،گجرات، نارووال، شیخوپورہ،ننکانہ صاحب میں گرین بس سروس آپریشنل کر دی، پہلی دفعہ ان تمام اضلاع کو بسیں مل رہی ہیں جن کے پاس کبھی سرکاری ٹرانسپورٹ نہ تھی، گرین بس ایک مقبول منصوبہ ہے جس نے عوام کی روزمرہ کی ضرورت پوری کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزاد کشمیر گئی تو گرین بس کی اہمیت کا مزید اندازہ ہوا، آزاد کشمیر میں جتنی مانگ گرین بس کی ہے اور کسی جگہ نہیں دیکھی، گرین بس ہر طبقے کے افراد کے لئے بہت بڑی سہولت ہے ، ان شاء اللہ اگست کے آخر تک پنجاب میں 1100 بسیں پوری ہو جائیں گی ،الیکٹرک بس میں صرف بیس روپے میں عوام کو ایئر کنڈیشنڈ، وائی فائی سے لیس اور سی سی ٹی وی مانیٹرڈ سفر میسر ہے ،الیکٹرک بس میں خواتین، طلبہ،معمر افراد اور معذور افراد کیلئے سفر بالکل مفت ہوگا، باقی ماندہ افراد کیلئے 20 روپے کرایہ مقرر کیا گیا ہے ۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 29 اضلاع اور ایک تحصیل میں 511 الیکٹرک بسیں پہلے سے فعال ہیں، مزید 101 نئی الیکٹرک بسیں پنجاب کے 9 اضلاع میں پہنچائی جاچکی ہیں ،مختلف اضلاع کیلئے مزید 1500 جدید الیکٹرک بسیں حاصل کی جا رہی ہیں، 488 الیکٹرک بسیں اگست 2026 کے آخر تک پنجاب پہنچ جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments