مائننگ کانفرنس کل، اماراتی، جرمن، چینی ودیگر ماہرین شرکت کرینگے
معدنی وسائل، جدید ٹیکنالوجی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر تبادلہ خیال ہوگا اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع
کراچی (محمد حمزہ گیلانی)پاکستان کی معدنیات کی صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر ملک کی پہلی ٹیکنیکل مائننگ کانفرنس 6 اگست کو کراچی میں منعقد ہوگی،جس میں متحدہ عرب امارات،جاپان،جرمنی اور چین سمیت مختلف ممالک کی معروف مائننگ کمپنیاں اور سرمایہ کار شرکت کریں گے ، کانفرنس میں معدنی وسائل، جدید مائننگ ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری کے مواقع اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ اربوں ڈالر مالیت کی بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہونے کی بھی توقع ہے ، سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر اقبال نے دنیا نیوز کو بتایا کہ پاکستان کے مائننگ سیکٹر میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یہ کانفرنس ملک کے معدنی شعبے میں نئی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور بین الاقوامی تعاون کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے ، جبکہ ملکی و غیر ملکی ماہرین، سرمایہ کار، پالیسی ساز ادارے اور توانائی و معدنیات کے شعبے سے وابستہ نمائندے بھی شریک ہوں گے ، عامر اقبال نے کہا کہ تھر کے کوئلے کو ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید مؤثر انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے ، اس سلسلے میں تھر سے ملک بھر کے پاور پلانٹس تک کوئلے کی ترسیل جلد ریلوے ٹریک کے ذریعے شروع کر دی جائے گی، جبکہ نئی ریلوے لائن کا باقاعدہ آغاز آئندہ سال کے اوائل میں متوقع ہے ، انہوں نے مزید بتایا کہ تھر بلاک ٹو کے تیسرے مرحلے (فیز تھری) کا آغاز آئندہ ماہ کیا جا رہا ہے جس سے کوئلے کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا اورمستقبل میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی پہلی ٹیکنیکل مائننگ کانفرنس نہ صرف معدنیات کے شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط کرے گی بلکہ پاکستان کو خطے میں مائننگ سرمایہ کاری کے اہم مرکز کے طور پر اجاگر کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کریگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments