کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کی مزید بہتری کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل
مارکیٹ میں موجود رکاوٹوں کاجائزہ لے کرجامع اصلاحاتی سفارشات مرتب کریگا مقصد طویل مدتی سرمایہ کے حصول کو آسان بنانا ہے ، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن
کراچی (کامرس رپورٹر)سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملکی کارپوریٹ ڈیٹ مارکیٹ کو مزید فعال، مؤثر اور سرمایہ کار دوست بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا ہے جو ڈیٹ مارکیٹ میں موجود رکاوٹوں کا جائزہ لے کر جامع اصلاحاتی سفارشات مرتب کرے گااس اقدام کا مقصد کارپوریٹ اداروں کے لیے طویل المدتی سرمایہ کے حصول کو آسان بنانا اور ملکی کیپٹل مارکیٹ کو مزید مضبوط کرنا ہے ، ایس ای سی پی کے مطابق ورکنگ گروپ کی سربراہی کمشنر محمد علی فرید خواجہ کرینگے جبکہ اس میں وزارتِ خزانہ، کمرشل بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں، کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں، سرمایہ کاری کے شعبے سے وابستہ اداروں او دیگر اہم مارکیٹ اسٹیک ہولڈرز کے نمائندے شامل ہوں گے تاکہ مختلف شعبوں کی آرا اور تجربات کی روشنی میں جامع اصلاحات تجویز کی جا سکیں۔ایس ای سی پی نے بتایا کہ ورکنگ گروپ کارپوریٹ ڈیٹ سکیورٹیز اور سکوک کے اجرا سے متعلق موجودہ ریگولیٹری فریم ورک کا تفصیلی جائزہ لے گا اور اس امر کا تعین کریگا کہ کن قانونی، ریگولیٹری اور انتظامی رکاوٹوں کی وجہ سے ڈیٹ مارکیٹ اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق ترقی نہیں کر پا رہی۔ اس سے نہ صرف سرمایہ اکٹھا کرنے کے متبادل ذرائع فروغ پائیں گے بلکہ سرمایہ کاروں کے لیے بھی نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے ، ایس ای سی پی کے مطابق ورکنگ گروپ ڈیٹ مارکیٹ کی ترقی میں حائل ریگولیٹری، عملیاتی اور مارکیٹ سے متعلق رکاوٹوں کی نشاندہی کرے گا اور ان کے حل کے لیے قابلِ عمل اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار سے ہم آہنگ سفارشات پیش کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments