جولائی میں 5ہزار 438کمپنیاں رجسٹرڈ ، نیا ریکارڈ قائم

جولائی میں 5ہزار 438کمپنیاں رجسٹرڈ ، نیا ریکارڈ قائم

غیر ملکی کمپنیوں کی پاکستان آمد،آئی ٹی نمایاں شعبہ رہا ،ایس ای سی پی

کراچی (بزنس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے مطابق جولائی 2026 کے دوران پہلی مرتبہ ایک ہی ماہ میں 5ہزار 438نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا ریکارڈ قائم ہوا۔ ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق جولائی کے دوران پانچ بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کیے جبکہ 112 نئی رجسٹرڈ کمپنیوں میں غیر ملکی ڈائریکٹرز شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ان کمپنیوں کا تعلق ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، چین اور دیگر ممالک سے ہے ۔کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق نئی رجسٹرڈ کمپنیوں میں 3,148 پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں، 2,117 سنگل ممبر کمپنیاں، 127 لمیٹڈ لائبیلٹی پارٹنرشپس،28غیرمنافع بخش تنظیمیں اور 18 پبلک لمیٹڈ کمپنیاں شامل ہیں۔

صوبہ وار جائزے کے مطابق پنجاب سب سے آگے رہا جہاں 2,756 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جو مجموعی رجسٹریشن کا 51 فیصد بنتا ہے ،اس کے بعد اسلام آباد میں 1,053،سندھ میں 864، خیبر پختونخوا میں 450، گلگت بلتستان میں180اور بلوچستان میں 135 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ کمیشن کے مطابق شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی)سب سے نمایاں شعبہ رہا جہاں 1,008 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں، اس کے علاوہ ٹریڈنگ سیکٹر میں 845، سروسز میں 638، کنسٹرکشن میں 348،فوڈ اینڈ بیوریجز میں 256، سیاحت میں 207، ای کامرس میں 181، تعلیم میں 165، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ میں 162 اور زرعی شعبے میں 145 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ ماہرین کے مطابق ایک ہی ماہ میں کمپنیوں کی رجسٹریشن کا یہ ریکارڈ ملکی معیشت کیلئے مثبت اشارہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...