عالمی نمائش:80 سے زائد غیر ملکی خریداروں کی شرکت متوقع

عالمی نمائش:80 سے زائد غیر ملکی خریداروں کی شرکت متوقع

عالمی ایونٹ کامیاب بنانے کیلئے جامع حکمت عملی بنالی،چیئرمین میاں عتیق الرحمن

لاہور (آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں لاہور میں منعقدہ 42ویں عالمی نمائش میں مختلف ممالک سے 80 سے زائد غیر ملکی خریداروں کی شرکت کا امکان ہے ،عالمی ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر لی،وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی رہنمائی میں عالمی نمائش کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں ۔پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز کا اہم اجلاس چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد کی صدارت میں منعقد ہوا ، جس میں عالمی نمائش کی تیاریوں ، غیر ملکی خریداروں سے موثر رابطوں ، پاکستان آمد پر انکی سکیورٹی ، تشہیراور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلا س کے شرکا ء کو بتایا گیا کہ دنیا کے مختلف ممالک سے 80 سے زائد معروف درآمد کنندگان کی پاکستان آمد کا امکان ہے جس سے پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی منڈیوں تک رسائی مزید مستحکم ہوگی۔اجلاس میں نمائش کی کامیابی کیلئے جامع حکمت عملی کے نکات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف افراد کو ذمہ داریاں دی گئیں ۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ غیر ملکی خریداروں اور پاکستانی مینو فیکچررز وبرآمد کنندگان کے درمیان سائیڈ لائن پر خصوصی بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائیگا تاکہ نئے تجارتی معاہدوں، مشترکہ منصوبوں اور برآمدی مواقع کو فروغ دیا جا سکے ۔ اس کے علاوہ غیر ملکی خریداروں سے جدید رجحانات، عالمی مارکیٹ کی ضروریات اور مستقبل کی مصنوعات کے حوالے سے تجاویز بھی حاصل کی جائیں گی تاکہ صنعت کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...