صدر لاہور چیمبر کی اوورسیز پاکستانیوں کوسرمایہ کاری کی دعوت

صدر لاہور چیمبر کی اوورسیز پاکستانیوں کوسرمایہ کاری کی دعوت

ٹیکنالوجی، عالمی منڈیوں تک رسائی، صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ، فہیم سہگل

لاہور (آن لائن)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی تاجروں اور کاروباری افراد پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی معاشی ترقی میں زیادہ فعال کردار ادا کرتے ہوئے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، اور ملک کی برآمدات اور مینوفیکچرنگ کے شعبے کو وسعت دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ جرمنی کے شہر ہیگن میں لاہور چیمبر کے تجارتی وفد کی قیادت کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع کو اجاگر کیا اور کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اصلاحاتی اقدامات سے شرکا کو آگاہ کیا۔

فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کاروباری افراد کے پاس قیمتی سرمایہ، جدید ٹیکنالوجی، عالمی منڈیوں تک رسائی اور بین الاقوامی کاروباری تجربہ موجود ہے ، جو پاکستان کی صنعتی اور معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم ممتاز پاکستانی کاروباری افراد سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو سرمایہ کاری کی ایک پرکشش منزل سمجھتے ہوئے ملک میں نئے کاروبار قائم کریں یا اپنے موجودہ کاروباری آپریشنز کو وسعت دیں۔ انہوں نے بالخصوص الیکٹرک وہیکلز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، قابلِ تجدید توانائی، ٹیکسٹائل اور ویلیو ایڈیشن، فارماسیوٹیکلز، زراعت و فوڈ پروسیسنگ اور کان کنی و معدنیات کے شعبوں کو سرمایہ کاری کے لیے اہم مواقع قرار دیا۔ ان شعبوں میں سرمایہ کاری سے ٹیکنالوجی کی منتقلی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات میں اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...