محفوظ پاکستان کیلئے مضبوط معیشت ناگزیر ،ڈائریکٹر آئی ایس پی آر
قومی اتحاد، عزم اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا،بریگیڈیئر یعقوب
کراچی(بزنس رپورٹر)فیڈریشن چیمبر آف کامرس کی تاریخ میں پہلی بار ڈائریکٹر آئی ایس پی آر بریگیڈیئر یعقوب اعوان نے ایف پی سی سی آئی اورسینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں کو 79ویں یومِ آزادی کی تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط اور محفوظ پاکستان کے لیے مضبوط معیشت ناگزیر ہے جبکہ ملک کو مزید مستحکم، خوشحال اور خود انحصار بنانے کیلئے قومی اتحاد، عزم، استقامت اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ فیڈریشن چیمبر کے مرکزی دفتر کراچی میں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آئی ایس پی آر نے پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو قوم کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے پوری قوم کا متحد ہوکر کردار ادا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ بریگیڈیئر یعقوب اعوان نے کاروباری برادری کے کردار کو پاکستان کی معاشی طاقت کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور استحکام میں تاجر اور صنعتکار برادری کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ اس موقع پر وائس ایڈمرل فیصل امین نے اپنے خطاب میں ایف پی سی سی آئی اور سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں کو یومِ آزادی کی تقریب کے انعقاد اور کاروباری برادری اور مسلح افواج کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر سراہا۔انہوں نے قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments