فکسڈ انکم ٹیکس اسکیم تاجروں کی مشاورت سے تیارکی گئی، ڈاکٹر شاہ
20کروڑ سے کم آمدنی والا تاجر اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتا ،چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو
فیصل آباد (اے پی پی)چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو فیصل آباد ڈاکٹر شاہ خان نے کہا ہے کہ فکسڈ انکم ٹیکس کی اسکیم بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے تیار کی گئی جبکہ اس پر عملدرآمد رضا کارانہ ہوگا اور یہ تاجروں کی اپنی مرضی ہو گی کہ وہ اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں یا نہیں۔ فیصل آباد چیمبرمیں شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم تاجروں کے مطالبے پر نافذ کی گئی جس میں 20کروڑ سے کم آمدنی والا ہر تاجر فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تحت کم از کم ٹیکس 25ہزار روپے ہو گا جس کی ادائیگی پر دکاندار کو اپنی دوکان پر لگانے کیلئے تختی دی جائے گی جس کے بعد انکم ٹیکس کا کوئی اہلکار اس دوکان میں داخل نہیں ہوگا۔ مزید برآں وہ آڈٹ سے مستثنٰی ہوگا جبکہ ان کیلئے ٹرن اوور ٹیکس کی شرح بھی کم ہو گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جو تاجر اس سکیم سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا وہ اپنی مرضی سے فیصلہ کر سکتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے غلط استعمال پر سخت کارروائی ہو گی۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ چیف کمشنر اس اسکیم کو متعارف اور کامیاب بنانے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے خود فون کر کے اس اسکیم بارے تقریب رکھنے کی استدعا کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments