ابھی بینک کا خالص منافع 1.502 ارب روپے ریکارڈ

ابھی بینک کا خالص منافع 1.502 ارب روپے ریکارڈ

ڈپازٹس میں 25فیصداضافہ،کل اثاثے 101.55ارب روپے ہوگئے

کراچی(بزنس ڈیسک)ابھی بینک نے 30 جون 2026 کو ختم ہونے والی ششماہی میں 1.502 ارب روپے کے بعد از ٹیکس منافع کا اعلان کیا جبکہ 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے والے پورے سال کا منافع 1.019 ارب روپے تھا۔ اس طرح ابھی بینک نے رواں سال کے چھ ماہ میں 2025 کے پورے سال کے مقابلے میں زیادہ منافع حاصل کیا ۔ گزشتہ سال کی اسی مدت کے 200.2 ملین روپے کے منافع کے مقابلے میں بھی یہ ایک نمایاں اضافہ ہے جو بینک کی نئی ریکارڈ کارکردگی اور اس کے تبدیلی و نمو کے سفر میں مسلسل پیشرفت کو ظاہر کرتا ہے ۔منافع میں یہ بہتری مضبوط بیلنس شیٹ کے وسعت، آمدنی دینے والے اثاثوں میں اضافے ، ڈیپازٹس میں اضافہ، بہترین ریکوری، رسک مینجمنٹ اور آپریشنل نظم و ضبط کی بدولت حاصل ہوئی۔ بینک کے کل اثاثے 100 ارب روپے کا سنگ میل عبور کرتے ہوئے 30 جون 2026 تک 101.55 ارب روپے تک پہنچ گئے ،اس طرح تقریباً 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گراس ایڈوانسز (قرضہ جات) بھی 2025 کے اختتام پر 38.16 ارب روپے کے مقابلے میں بڑھ کر 50.07 ارب روپے ہو گئے ۔

اس مدت کے دوران بینک کے فنڈنگ بیس میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ ڈپازٹس 31 دسمبر 2025 کے 69.09 ارب روپے سے 25 فیصد بڑھ کر 86.19 ارب روپے تک پہنچ گئے ۔2026 کی پہلی ششماہی کے دوران بینک کی آمدنی کی پروفائل کافی مضبوط ہوئی۔ 2025 کی اسی مدت کے 5.84 ارب روپے کے مقابلے میں آمدنی 80.1 فیصد کے سالانہ اضافے کے ساتھ 10.52 ارب روپے ہو گئی۔ خاص بات یہ ہے کہ 2026 کے پہلے چھ ماہ میں حاصل ہونے والی آمدنی سال 2025 کی کل 14.25 ارب روپے کی آمدنی کا تقریباً 74 فیصد حاصل کر چکی ہے ،جو بینک کی مالیاتی کارکردگی میں مضبوط رفتار کو ظاہر کرتی ہے ۔اس مدت میں اثاثوں کا معیار اور کریڈٹ رسک مینجمنٹ بینک کی بنیادی توجہ کا مرکز رہے ۔ 2026 کی پہلی چھ ماہی کے دوران بینک کی کیپیٹل پوزیشن میں بھی نمایاں بہتری آئی۔ شیئر ہولڈرز ایکویٹی 30 جون 2026 تک بڑھ کر 3.11 ارب روپے ہو گئی جو کہ 31 دسمبر 2025 کو منفی 397 ملین روپے تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...