آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں سالانہ 18فیصد اضافہ
جولائی میں برآمدات 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں ،اسٹیٹ بینک پالیسی وکاروباری ماحول میں بہتری سے ا یکسپورٹ مزید تیر ہوسکتی،ماہرین
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)پاکستان کے آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں مسلسل اضافے کا رجحان برقرار ہے اور جولائی 2026ء میں آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات سالانہ بنیاد پر 18 فیصد بڑھ گئیں۔اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی 2026ء میں آئی ٹی شعبے سے متعلق برآمدات 41 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئیں ، ماہانہ بنیاد پر جولائی میں آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات مستحکم رہیں تاہم سالانہ بنیاد پر شعبے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ 12 ماہ کے دوران پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ ہوا اور یہ مجموعی طور پر 4 ارب 66 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس کے مقابلے میں گزشتہ سال اسی مدت کے دوران آئی ٹی شعبے کی برآمدات 3 ارب 87 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔ یوں ایک سال کے دوران آئی ٹی برآمدات میں تقریباً 79 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔اعدادوشمار کے مطابق آئی ٹی شعبہ ملکی مجموعی برآمدات میں تیزی سے اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ عالمی سطح پر پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں، فری لانسرز اور سافٹ ویئر و ٹیکنالوجی سروسز کی طلب میں اضافے کے باعث برآمدی امکانات بھی بڑھ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے پالیسی اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنائے تو برآمدات میں موجودہ رفتار کو مزید تیز کیا جاسکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments