اسٹاک ایکسچینج ،مندی،63فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں
254.59 پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس 176591.77پر بند سرمایہ کاروں کو 27ارب سے زائد کا خسارہ، کاروباری حجم 15فیصد کم رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو اتارچڑھاو کے بعد مندی کا دباؤ غالب رہا۔ مندی کے سبب 63.41فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 27ارب 73کروڑ 58 لاکھ 77ہزار 362روپے ڈوب گئے ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیز ی کے ساتھ ہوا ،ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 1445 پوائنٹس کی تیزی سے 100 انڈیکس کی 1لاکھ 77ہزار اور 78ہزار پوائنٹس کی دو سطح بحال ہوگئیں لیکن ڈے ٹریڈرز کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ سے جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی اور ایک موقع پر 689پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 254.59 پوائنٹس کی کمی سے 176591.77پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 29.18پوائنٹس کی کمی سے 52467.41پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 150.29پوائنٹس کی کمی سے 107122.44پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 774.71 پوائنٹس کی کمی سے 249569.23پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 15.77فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز 66کروڑ 51 لاکھ 94ہزار 180 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 492 کمپنیوں کے حصص کاکاروبا ر ہوا جس میں سے 144 کمپنیوں کے حصص کے بھاو میں اضافہ، 312 میں کمی اور 36 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments