ملک دھرنوں ،ہڑتالوں کا متحمل نہیں ہو سکتا،اشرف بھٹی
فریقین افہام و تفہیم سے مسائل کا حل نکالیں،صدر انجمن تاجران
لاہور(آئی این پی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک موجودہ حالات میں دھرنوں، ہڑتالوں اور احتجاجی سرگرمیوں کا متحمل نہیں ہو سکتا،جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیشرفت خوش آئند ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے ۔فریقین کو ملکی مفاد اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے افہام و تفہیم سے مسائل کا حل نکالیں۔اشرف بھٹی نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مفاد کے مطالبے پر احتجاج کر رہی ہے تاہم مرکزی شاہراہ کی مسلسل بندش سے دکانداروں کا کاروبار تباہ ہو رہا ہے ۔ اس میں اکثریت ان تاجر وں کی ہے جنہوں نے ماہانہ لاکھوں روپے کرائے کی ادائیگی کے ساتھ ملازمین کے اخراجات بھی پورے کرنے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فریقین سے اپیل ہے کہ وہ ملک کے بہترین مفاد میں مذاکرات میں تیزی لائیں تاکہ مسائل کا جلد از جلد حل ممکن ہو سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments