مہنگے ڈیزل سے گڈز ٹرانسپورٹرز کا کاروبار بحران کا شکار
ایندھن قیمت کم نہ ہوئی توگاڑیاں کھڑی کرنے پرمجبور ہونگے ، اونرز یونین
کراچی(این این آئی) ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گڈز ٹرانسپورٹ کے کاروبار کو شدید بحران سے دوچار کردیا، مہنگے ایندھن کے باعث مال بردار گاڑیاں چلانا ٹرانسپورٹرز کے لیے خسارے کا سودا بن گیا۔آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری نے کہا ہے کہ ڈیزل کی بڑھتی قیمتیں مہنگائی کے نئے طوفان کی بنیادی وجہ بن رہی ہیں، کیونکہ ایندھن مہنگا ہونے سے اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث متعدد مال بردار گاڑیاں سڑکوں سے ہٹا کر کھڑی کی جارہی ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹرز کے لیے موجودہ حالات میں کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریلیف کے نام پر پیچیدہ اسکیموں اور پیکیجز کے بجائے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں براہ راست کمی کی جائے ۔محمد اویس چوہدری نے خبردار کیا کہ اگر ڈیزل کی قیمت کم نہ کی گئی تو ٹرانسپورٹرز مزید گاڑیاں کھڑی کرنے یا کام بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی ہی کے ذریعے اشیائے خورونوش کی عام شہریوں تک کم نرخوں پر ترسیل ممکن بنائی جاسکتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments