ایچ بی ایل مائیکروفنانس، ون لنک اور یورونیٹ کے درمیان معاہدہ
اسلام آباد(بزنس ڈیسک)ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک، ون لنک (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور یورونیٹ پاکستان نے پاکستان کے پہلے پے پاک کریڈٹ کارڈ کے اجرا کیلئے سہ فریقی معاہدہ پر دستخط کئے ہیں جس سے ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک پے پاک کا اولین کریڈٹ کارڈ پارٹنر بن جائے گا۔
یہ سنگ میل پاکستان کے ادائیگی کے منظر نامے میں اہم پیش رفت ہے ۔ معاہدہ پردستخط عامر خان، صدر و سی ای او ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک، نجیب آگر ا والا ، سی ای او، ون لنک اور کاشف گایا، سی ای او یورونیٹ نے کئے ۔ شراکت داری کے تحت ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک پے پاک کریڈیٹ کارڈز جاری کرے گا، ون لنک پے پاک ادائیگی سکیم جبکہ یورونیٹ کارڈ پراسسنگ ٹیکنالوجی پلیٹ فارم اور عمل درآمدی معاونت فراہم کرے گا۔ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک گرین، اسٹینڈرڈ، پنک اور ایج چار ویریئنٹس میں پے پاک کریڈٹ کارڈ متعارف کروائے گا جس سے صارفین کو اپنے ذریعہ معاش کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بہتر اور وسیع انتخاب اور لچک میسرآئے گی۔ عامر خان نے کہا ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک میں ہم مالیات تک رسائی کو صارفین کو اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے میں مدد دینے کا ایک طریقہ سمجھتے ہیں۔ ذمہ دارانہ اور جدید مالی حل تک رسائی کو بڑھانے کے ہمارے عزم کے حصہ کے طور پر ہمیں پاکستان میں مائیکروفنانس شعبہ کے پہلے کریڈٹ کارڈ متعارف کروانے پر فخر ہے ۔ نجیب آگر ا والانے کہا کہ آج پاکستان کے ادائیگی کے ایکو سسٹم کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہے جب پے پاک کے پہلے کریڈٹ کارڈ کیلئے معاہدہ پر دستخط کئے گئے ۔ یہ سنگ میل ہمارے ادائیگی کے ملکی انفراسٹرکچر اور محفوظ، آسان اور ادائیگی کے مقامی حل کی طاقت کا عکاس ہے ۔ کاشف گایانے کہا کہ کارڈ پراسسر اور ٹیکنالوجی پارٹنر کی حیثیت سے ہمیں پے پاک کے تاریخی کریڈٹ کارڈ کے اجرا میں معاونت پر فخر ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments