پاکستان کی پہلی بار عالمی چاول کانفرنس فلپائن میں شرکت

 پاکستان کی پہلی بار عالمی چاول کانفرنس فلپائن میں شرکت

ٹڈاپ اورپاکستانی سفارت خانے کی جانب سے قومی اسٹال بھی قائم کیا گیا

اسلام آباد(بزنس ڈیسک)منیلا میں پاکستانی سفارت خانے نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ)کے تعاون سے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 7 سے 9 اکتوبر 2026ء تک منعقد ہونے والی عالمی چاول کانفرنس 2026ء میں پہلی مرتبہ شرکت کی۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے خریدار، درآمد کنندگان اور متعلقہ صنعتی شعبوں کے نمائندے شریک ہوئے ۔پاکستان کی 20 سے زائد چاول برآمد کرنے والی کمپنیوں نے کانفرنس نے شرکت کی جن میں سے 5 کمپنیوں نے اپنے خصوصی اسٹالز قائم کیے جبکہ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پاکستان کا قومی اسٹال بھی قائم کیا گیا ۔ سفارت خانے نے پاکستانی برآمد کنندگان اور فلپائنی درآمد کنندگان کے درمیان کاروباری روابط اور ملاقاتوں کے انعقاد میں فعال کردار ادا کیا۔ ان ملاقاتوں میں چاول کی خریداری کی ضروریات، مصنوعات کے معیار و خصوصیات، قیمتوں اور طویل مدتی فراہمی کے معاہدوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

کانفرنس کے افتتاحی روز پاکستان کے سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باقاعدہ اور قابلِ اعتماد چاول کی فراہمی کے ذریعے فلپائن کے غذائی تحفظ میں اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ کانفرنس کے دوسرے روز تجارت و سرمایہ کاری کے مشیر نے پاکستان اور فلپائن کے دوطرفہ تجارتی تعلقات، پاکستان کی چاول برآمد کرنے کی صلاحیت اور زراعت کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مواقع پر تفصیلی پریذنٹیشن دی۔کانفرنس میں پاکستان کی شرکت فلپائن کو چاول کی برآمدات میں حالیہ نمایاں اضافے کے تسلسل کی عکاس ہے ۔ جولائی سے ستمبر 2026ء کے دوران پاکستان نے فلپائن کو تقریباً 3 لاکھ میٹرک ٹن چاول برآمد کیے ، جن کی مالیت 11 کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر رہی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...