اسٹاک ایکسچینج،مندی، 65فیصدحصص کی قیمتیں گرگئیں
814 پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 100انڈیکس 165151پر بند
کراچی(بزنس رپورٹر)سیاسی کشیدگی بڑھنے ، ایران امریکا جنگی خطرات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو بھی اتارچڑھاؤ کے بعد مندی رہی۔ مندی کے سبب 65فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 1کھرب 18ارب روپے سے زائدڈوب گئے ۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا جس سے ایک موقع پر 459پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 66ہزار پوائنٹس کی سطح بھی بحال ہوگئی لیکن منفی رجحانات کے باعث ایشیائی مارکیٹوں میں مندی کے رحجانات کے سبب مذکورہ تیزی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی جس سے ایک موقع پر 855پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 814.44 پوائنٹس کی کمی سے 165151.64پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروباری حجم 20.46فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 44کروڑ 68 لاکھ 42ہزار 690 حصص کے سودے ہوئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments