نیشنل فوڈپرینیور پروگرام کے تحت پیشہ ورانہ کوکنگ تربیت کا آغاز

 نیشنل فوڈپرینیور پروگرام کے تحت پیشہ ورانہ کوکنگ تربیت کا آغاز

کراچی(بزنس ڈیسک)نیشنل فوڈز لمیٹڈ نے اپنے فلیگ شپ اقدام نیشنل فوڈپرینیور پروگرام کے تحت سماعت سے محروم 10 خواتین و مردوں کے لیے تین ماہ پر مشتمل پیشہ ورانہ کوکنگ تربیتی پروگرام شروع کردیا

جس کا مقصد انہیں مہمان نوازی اور فوڈ انڈسٹری میں کیریئر بنانے اور باعزت روزگار حاصل کرنے کیلئے عملی مہارتیں فراہم کرنا ہے ۔یہ پروگرام کنیکٹ ہیئر کے اشتراک سے شروع کیا گیا جبکہ کنیکٹ ہیئر کو تربیتی معاونت سول سوسائٹی ہیومن اینڈ انسٹی ٹیوشنل ڈیولپمنٹ پروگرام فراہم کررہا ہے ۔ پروگرام کے تحت شرکا کو مختلف کھانوں کی تیاری، خوراک کی صفائی، غذائی تحفظ، ایچ اے سی سی پی کے اصولوں اور پیشہ ورانہ کچن کے انتظامات سے متعلق عملی تربیت دی جائے گی۔نیشنل فوڈز لمیٹڈ کی ہیڈ آف کارپوریٹ ریپیوٹیشن سارہ داؤد نے کہا کہ نیشنل فوڈز کا نیشنل فوڈپرینیور پروگرام اس وژن کے تحت کام کررہا ہے کہ دنیا بھر کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے والی خوراک تیار کی جائے جبکہ کمپنی کا مشن محض کھانے کی تیاری تک محدود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ انڈسٹری کی ایک نمایاں کمپنی کی حیثیت سے معذور افراد سمیت نئی نسل کے شیفس کو بااختیار بنانا صرف ایک ہنر سکھانے کا نام نہیں بلکہ سماجی شمولیت، معاشی ترقی اور کمیونٹیز کی پائیدار بہتری کے عزم کا اظہار ہے ۔کنیکٹ ہیئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر اور شریک بانی عظیمہ دھانجی نے کہا کہ معذور افراد کی کمیونٹی میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابل رسائی تربیت، اشاروں کی زبان میں تدریس اور تربیت یافتہ اساتذہ کی فراہمی کے ذریعے یہ پروگرام 10 سماعت سے محروم افراد کو پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے اور روزگار کے مواقع تک رسائی کا راستہ فراہم کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مناسب سہولیات اور ضروری معاونت کے ذریعے روایتی تربیتی پروگراموں کو بھی سماعت سے محروم افراد کے لیے قابل رسائی بنایا جاسکتا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...