اسرائیل میں آج انتخابات ، نیتن یاہو کا دھڑن تختہ ہونیکا امکان
انتخابات سے قبل آخری رائے عامہ جائزوں میں آئزن کوٹ کو معمولی برتری مخالفین جیت گئے تو ایران اسرائیل کا وجود ہی مٹا سکتا ہے :اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سیاسی فائدے کیلئے ایرانی خطرے کو اچھال رہے :سابق آرمی چیف
تل ابیب (اے ایف پی)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے پیر کو اقتدار برقرار رکھنے کیلئے اپنی انتخابی مہم کے آخری روز دعویٰ کیا کہ اگر ان کے حریف آج انتخابات میں جیت گئے تو ایران اسرائیل کا وجود ہی مٹا سکتا ہے ۔سخت مقابلے پر مشتمل انتخابی مہم کے دوران نیتن یاہو نے اپنی توجہ سکیورٹی کے معاملات پر مرکوز رکھی اور اصرار کیا کہ تہران کیخلاف کارروائی کو مکمل کرنے کی صلاحیت صرف ان کے پاس ہے ۔ انہوں نے اپنے اہم حریف سابق آرمی چیف گادی آئزن کوٹ کو اسرائیل کے دیرینہ دشمن ایران کے معاملے میں کمزور قرار دیا۔دوسری جانب آئزن کوٹ نے نیتن یاہو پر الزام لگایا کہ وہ انتخابات سے عین پہلے سکیورٹی کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں اور اپنی ضرورت کے مطابق ایران کے خطرے کو اچھال رہے ہیں۔
یہ تنقید ان اطلاعات کے بعد سامنے آئی کہ فوجی قیادت کو اس بات پر تحفظات ہیں کہ نیتن یاہو سیاسی فائدے کیلئے کیا اقدامات کرنا چاہتے ہیں۔اسرائیلی چینل 12 نے رپورٹ کیاہے کہ نیتن یاہو اور آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر کے درمیان ایران سے متعلق ایک نئی ہدایت پر اختلافات پیدا ہوئے ہیں۔ نام ظاہر نہ کرنے والے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ فوج کے اندر یہ خدشات پائے جاتے ہیں کہ جنگ کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔چینل کے مطابق ضمیر نے اس ہدایت پر عمل درآمد سے پہلے تفصیلی بحث، قانونی ضمانتوں اور سیاسی قیادت کے دستخطوں کا مطالبہ کیا تھا، تاہم رپورٹ میں اس ہدایت کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔نیتن یاہو نے اس رپورٹ کو بکواس قرار دے کر مسترد کر دیا، جبکہ وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے فوج اور سیاسی قیادت کے درمیان اختلافات کی اطلاعات کو بے بنیاد اور سراسر غلط کہا۔
کاٹز نے کہا کہ وہ واضح طور پر یہ کہہ سکتے ہیں کہ اسرائیل کی جانب سے انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ شروع کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔دائیں بازو سے لے کر مرکز اور بائیں بازو تک اپوزیشن کے رہنماؤں نے آئزن کوٹ کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنانے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ انتخابات سے قبل آخری رائے عامہ کے جائزوں میں آئزن کوٹ کو معمولی برتری حاصل تھی، تاہم ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ انتخابات میں کسی بھی امیدوار کی کامیابی سے ایران کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہاہمارے لیے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان انتخابات میں اس حکومت کی باگ ڈور کون سنبھالتا ہے ، جس نے ہمارے خطے کو تشدد اور قتلِ عام کے سوا کچھ نہیں دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments