رواں مالی سال جی ڈی پی نمو 4.5 فیصد تک رہنے کا امکان
گزشتہ سال تمام اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری آئی ہے ،اسٹیٹ بینک مہنگائی کم ہوکر 5 سے 7 فیصد کے ہدف میں واپس آ جائیگی ، سالانہ رپورٹ
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹیٹ بینک نے معیشت کی کیفیت پر مالی سال 2026 کی سالانہ رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا کہ گزشتہ مالی سال تمام اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری آئی۔ رپورٹ کے مطابق محتاط مانیٹری پالیسی اور معاشی اصلاحات کے نتیجے میں مشکل سے حاصل ہونے والے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے میں مدد ملی جبکہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں بحالی کے باعث حقیقیجی ڈی پی کی شرح نمو میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2027 کے دوران حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے ۔ معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے باعث درآمدات میں اضافہ ہوا، تاہم عالمی سطح پر ناموافق رجحانات کے سبب برآمدات کی نمو محدود رہی۔ ترسیلات زر میں مضبوط اضافے کے باعث مالی سال 2026 کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صرف 0.1 فیصد تک محدود رہا۔ رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باوجود مالی سال 2026 کے دوران مہنگائی کی شرح اسٹیٹ بینک کے 5 سے 7 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی بالائی حد کے قریب رہی۔ اسٹیٹ بینک نے پیشگوئی کی ہے کہ مالی سال 2027 کے دوران جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے ،جبکہ مہنگائی بتدریج کم ہوکر 5 سے 7 فیصد کے وسط مدتی ہدف کی حدود میں واپس آجائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments