چار ماہ خسارے کے بعد ملکی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس
اکتوبر کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ میں 4 کروڑ ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا ترسیلات میں اضافہ ، برآمدات میں بہتری نے اہم کرداراداکیا،ماہرین
کراچی(بزنس رپورٹر)ملکی معیشت کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، اسٹیٹ بینک کے مطابق مسلسل چار ماہ خسارے میں رہنے کے بعد اکتوبر 2026 میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوگیا۔ رواں مالی سال کے دوران پہلی مرتبہ اکتوبر میں کرنٹ اکاؤنٹ میں 4 کروڑ ڈالر کا فاضل ریکارڈ کیا گیا جبکہ ستمبر 2026 میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ 37 کروڑ ڈالر خسارے میں تھا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران مجموعی طور پر کرنٹ اکاؤنٹ 85 کروڑ ڈالر خسارے میں رہا۔ اس کے برعکس گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ملکی کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارہ ایک ارب 6 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا،اس طرح سالانہ بنیاد پر بھی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ معاشی ماہرین کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں اضافے اور ملکی برآمدات میں بہتری نے کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں کرنٹ اکاؤنٹ کا سرپلس ہونا ملکی بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی اور زرمبادلہ کی آمدنی میں بہتری کا مثبت اشارہ ہے ۔ تاہم رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کا مجموعی کھاتہ بدستور خسارے میں ہے ، اس لیے آئندہ مہینوں میں برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے کا تسلسل برقرار رکھنا ضروری ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments