دوسرا ٹیسٹ : پاکستان کی تباہ کن بائولنگ، سری لنکا 98 رنز پر ڈھیر

دوسرا ٹیسٹ : پاکستان کی تباہ کن بائولنگ، سری لنکا 98 رنز پر ڈھیر

پہلی اننگز میں مہمان ٹیم کے کوشال مینڈس 32 اور سونال دینوشا 21 رنز کے ساتھ نمایاں،عباس، رضا اللہ،عامر جمال کے 3،3 شکار پاکستان نے دن کے اختتام تک 37.2اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 121رنز بنا ئے ،مہمان ٹیم کیخلاف 23رنز کی برتری حاصل

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستانی باؤلرز کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض 98 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، جس کے جواب میں پاکستان نے دن کے اختتام تک 37.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا کر مہمان ٹیم کے خلاف 23 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ اذان اویس 47 اور ثاقب خان 2 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا، جبکہ سری لنکن ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کے تحت دلشان مدوشانکا کی جگہ پربتھ جے سوریا کو شامل کیا گیا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان کوشال مینڈس 32 اور سونال دینوشا 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا پراعتماد آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 80 رنز جوڑے ، تاہم اس مجموعی سکور پر محمد طیب عارف 46 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد اسیتھا فرنینڈو کی گیند پر وکٹ کیپر کوشال مینڈس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 103 کے مجموعی سکور پر گری جب محمد طحہ 8 رنز بنا کر پربتھ جے سوریا کی گیند پر دھاناجیا ڈی سلوا کو کیچ دے بیٹھے ، جبکہ تیسری وکٹ 118 رنز پر گری جہاں کپتان بابر اعظم بھی 8 رنز بنا کر لاہیرو کمارا کی گیند پر بولڈ ہو گئے ، جس کے بعد ثاقب خان نائٹ واچ مین کے طور پر کریز پر آئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...