سونے کی چمک ماند پڑ گئی ،6دن میں 32ہزار 600 روپے کی تاریخی گراوٹ
جنگ اور مہنگا تیل بھی سہارا نہ بن سکے ،مضبوط ڈالر اور امریکی شرح سود کے خدشات نے سرمایہ کاروں کا رخ بدل دیا،عالمی منڈی میں 8ماہ کی بدترین مندی سٹاک مارکیٹوں میں مصنوعی ذہانت سے وابستہ کمپنیوں کے حصص کی فروخت بھی گراوٹ کی وجہ قرار ،ڈالر سستا ہونے پر سونے کی قیمت میں بہتری کا امکان چاندی کی قیمت بھی ایک ہفتے میں 16 فیصد تک گر گئی،چین اور بھارت میں سونے کی خریداری میں اضافہ خریداروں کی عالمی مارکیٹ میں موجودگی کا اشارہ
لاہور ، کراچی (دنیا رپورٹ )سونے کی چمک ماند پڑ گئی، 6 دن میں 32 ہزار 600 روپے کی تاریخی گراوٹ سامنے آئی،عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں کی شدید گراوٹ نے سرمایہ کاروں کو حیران اور مالیاتی منڈیوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ۔ امریکی ڈالر کی مضبوطی، شرح سود میں مزید اضافے کے خدشات اور عالمی سٹاک مارکیٹوں میں بھونچال نے سونے کی چمک ماند کردی ۔ صرف ایک ہفتے میں عالمی منڈی میں سونا تقریباً 9.4 فیصد سستا ہوگیا جو گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران اس کی سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ ہے ۔عالمی منڈی میں جمعہ کے کاروبار کے اختتام پر سونے کی سپاٹ قیمت 3 ہزار 514 ڈالر فی اونس کے قریب رہی جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز بھی تقریباً 3 ہزار 515 ڈالر پر بند ہوئے ۔ جمعے کو سونا ایک موقع پر 3 ہزار 514 ڈالر تک گر گیا جو ستمبر 2025 کے بعد اس کی کم ترین سطح ہے ۔ اس طرح جنوری میں قائم ہونے والی ریکارڈ بلندی کے بعد سونے کی قیمت میں نمایاں پسپائی ہوئی ۔چاندی کی حالت بھی مختلف نہیں رہی جس کی قیمت ایک ہی ہفتے میں تقریباً 16 فیصد گر گئی۔پاکستان میں بھی عالمی منڈی کی اس مندی کے اثرات تیزی سے منتقل ہوئے ہیں۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ہفتے کو فی تولہ سونا مزید 3 ہزار 500 روپے سستا ہوکر تولہ 3 لاکھ 76 ہزار 336 روپے کا ہوگیا جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار ایک روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 22 ہزار 647 روپے رہ گئی۔
صرف ایک روز پہلے یعنی 20 نومبر کو فی تولہ قیمت میں 15 ہزار 400 روپے کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ یوں 20 اور 21 نومبر کے دوران ہی سونا 18 ہزار 900 روپے فی تولہ سستا ہوگیا جبکہ 16 نومبر سے اب تک اس کی قیمت میں 32 ہزار 600 روپے کی کمی آچکی ۔ چاندی بھی فی تولہ 108 روپے سستی ہوکر 4 ہزار 600 روپے پر آگئی۔ماہرین کے نزدیک اس گراوٹ کی سب سے بڑی وجہ امریکی مالیاتی پالیسی میں ممکنہ سختی ہے ۔ امریکی معیشت میں افراط زر کے دباؤ اور اس پر قابو پانے کے لیے شرح سود میں مزید اضافے کے خدشات نے سرمایہ کاروں کی ترجیحات بدل دی ہیں۔ امریکی فیڈرل ریزرو کے حکام کے حالیہ بیانات سے یہ اشارے ملے ہیں کہ مہنگائی ابھی اس سطح پر نہیں پہنچی جہاں مرکزی بینک شرح سود میں کمی کا راستہ اختیار کرسکے ۔فلاڈیلفیا فیڈرل ریزرو کی صدر اینا پالسن سمیت بعض پالیسی سازوں نے مہنگائی کے خطرات کے پیش نظر شرح سود میں مزید اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اس کے بعد مالیاتی منڈیوں میں دسمبر کے اجلاس میں امریکی شرح سود میں 0.25 فیصد اضافے کے امکانات تقریباً 96 فیصد تک پہنچ گئے ۔یہ صورت حال سونے کے لیے خاصی نقصان دہ ہے کیونکہ سونا اپنے مالک کو کوئی سود یا باقاعدہ منافع نہیں دیتا۔ اس کے برعکس امریکی حکومتی بانڈز اور دیگر مالیاتی اثاثوں پر منافع بڑھنے لگے تو سرمایہ کار سونے کے بجائے ان اثاثوں میں رقم لگانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ امریکی بانڈز پر بڑھتا ہوا منافع دراصل سونے کی کشش کم کررہا ہے ۔اس کے ساتھ امریکی ڈالر بھی گزشتہ تقریباً 19 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ چکا ہے ۔
ڈالر مضبوط ہونے کا مطلب یہ ہے کہ دوسری کرنسیوں میں سونا خریدنے والوں کے لیے اس کی قیمت مزید بڑھ جاتی ہے جس سے طلب متاثر ہوتی ہے ۔ یوں ایک طرف ڈالر کی طاقت اور دوسری طرف امریکی بانڈز پر زیادہ منافع، دونوں مل کر سونے کے لیے دوہرا دباؤ پیدا کررہے ہیں۔حالیہ گراوٹ کی ایک اہم وجہ عالمی سٹاک مارکیٹوں میں مصنوعی ذہانت سے وابستہ کمپنیوں کے حصص کی شدید فروخت بھی ہے ۔ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی آئندہ آمدنی اور بھاری سرمایہ کاری پر سوالات اٹھنے کے بعد سرمایہ کاروں نے اپنے حصص فروخت کرنا شروع کیے ۔ ایشیائی سٹاک مارکیٹیں بھی 2020 کے بعد اپنے بدترین ہفتے کی طرف بڑھیں۔اس صورت حال میں بعض سرمایہ کاروں نے دوسرے اثاثوں میں ہونے والے نقصانات پورے کرنے اور نقد رقم حاصل کرنے کے لیے سونا بھی فروخت کردیا۔ یوں ایک دلچسپ صورت حال پیدا ہوئی ہے کہ جس عالمی بے یقینی میں سونے کی قیمت بڑھنے کی توقع کی جاتی ہے ، اسی بے یقینی نے فی الحال اس کی فروخت میں اضافہ کردیا ہے ۔مارکیٹ ماہرین کے مطابق جب سرمایہ کاروں کو فوری نقد رقم درکار ہو تو سونا بھی فروخت ہونے والے اثاثوں میں شامل ہوجاتا ہے ۔ اس لیے ہر بحران میں سونے کی قیمت لازماً اوپر نہیں جاتی۔تاہم قیمتوں میں شدید کمی کے باوجود سونے کے مستقبل کے بارے میں تمام اشارے منفی نہیں ہیں۔
ورلڈ گولڈ کونسل کی 3 نومبر کو جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی خریداری اور عالمی گولڈ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز میں سرمایہ کاری اب بھی اس دھات کی طویل مدتی طلب کو سہارا دے رہی ہے ۔رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق تجزیہ کاروں نے بلند امریکی بانڈ منافع اور مضبوط ڈالر کے باعث 2026 کے لیے سونے کی قیمتوں کے تخمینے کم کیے ہیں تاہم ان میں 2027 میں بحالی کی توقع بھی موجود ہے ۔ سونے کی قیمت میں حالیہ کمی کے بعد چین اور بھارت میں سونے کی خریداری میں اضافہ اس بات کا اشارہ ہے کہ کم قیمت پر خریداری کے خواہش مند سرمایہ کار مارکیٹ سے مکمل طور پر غائب نہیں ہوئے ۔سونے کی قیمتوں کے لیے آنے والے ہفتے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ امریکی فیڈرل ریزرو کا آئندہ فیصلہ، افراط زر کے اعدادوشمار، ڈالر کی سمت اور امریکی بانڈز پر منافع اس بات کا تعین کریں گے کہ قیمتوں میں مزید گراوٹ آتی ہے یا حالیہ کمی کے بعد بحالی کا راستہ کھلتا ہے ۔اگر دسمبر میں شرح سود میں اضافے کا فیصلہ ہوتا ہے اور امریکی ڈالر مضبوط رہتا ہے تو سونے پر دباؤ برقرار رہنے کا امکان ہے ۔
اس کے برعکس اگر امریکی معیشت کے اعدادوشمار میں کمزوری سامنے آتی ہے ، شرح سود کے بارے میں سخت توقعات نرم پڑتی ہیں اور ڈالر نیچے آتا ہے تو سونا تیزی سے سنبھل بھی سکتا ہے ۔ تاہم صرف چند دن کی قیمتوں میں بہتری کو رجحان کی تبدیلی قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔مجموعی طور پر سونے کی موجودہ مندی عالمی سرمایہ کاری کے بدلتے ہوئے رجحانات کی عکاسی کرتی ہے ۔ ایک طرف بلند شرح سود اور مضبوط ڈالر سرمایہ کاروں کو سونے سے دور کررہے ہیں تو دوسری طرف مرکزی بینکوں کی خریداری، عالمی معاشی بے یقینی اور مستقبل میں افراط زر کے خدشات اس کی طویل مدتی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments