’’ پاکستان میں ہر چوتھا مریض دل کے عارضہ میں مبتلا ‘‘
ورلڈ ہارٹ ڈے کامقصد لوگوں میں بیماریوں سے بچائوکی آگاہی پیداکرناہے تمباکو نوشی ، بلڈپریشر دل کے عارضے میں اضافے کی وجہ ،ڈاکٹرفیصل کاانٹرویو
فیصل آباد(انٹر ویو :نعیم قیصر ) ہر سال 29 ستمبر کو ورلڈ ہارٹ ڈے منایا جاتا ہے جس کا مقصد عام لوگوں میں دل کی بیماریوں سے بچائو کی آگاہی پیدا کرنا ہوتا ہے ، تمباکو نوشی اور بلڈپریشر کا مرض دل کے عارضے میں اضافے کی وجہ ہے ماہر امراض قلب ڈاکٹر فیصل علی کا دنیا نیوز کو دئیے گئے انٹرویو میں اظہار خیال ۔ انکا کہنا تھا دنیا بھر میں سالانہ 18 ملین افراد دل کی بیماری میں مبتلا ہورہے ہیں ۔ پاکستان میں ہر چوتھا مریض دل کے عارضہ میں مبتلا ہونے سے دل کے ہسپتالوں میں رش انتہائی بڑھ رہا ہے جبکہ ہسپتالوں میں اس کے مطابق سہولیات میسر نہیں ہیں جس سے شرح اموات بڑھ رہی ہے ، انہوں نے کہا کھانے پینے میں احتیاط ، تمباکونوشی ترک کرنے سے دل کی بیماری پر قابو پایا جاسکتا ہے ، ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا دل کی بیماری کی عوامی آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے عام طور پر شہریوں کو دل کا دورہ پڑنے پر ہی دل کی بیماری کا پتہ چلتا ہے جبکہ ہم ذیابیطس اور بلڈ پریشر کا خیال نہیں کرتے شہریوں کو چاہیے وہ روزانہ 30 منٹ تک واک اور مرغن غذائوں کے بجائے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کریں ۔