علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی اراضی پر قبضہ برداشت نہیں:کمشنر
ثاقب منان نے انڈسٹریل سٹی میں پولیس چوکی بنانے کی بھی منظوری دی سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ہسپتال بنایا جائیگا،کاشف اشفاق
فیصل آباد (سٹی رپورٹر،نیوز رپورٹر)علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کی اراضی پر کسی قسم کا قبضہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات کمشنر ثاقب منان نے کہی وہ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے میٹنگ میں گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں پولیس چوکی بنانے کی بھی منظوری دی اور کہا تھانہ فیڈمک سے ملحقہ تھانوں کے علاقوں پر نظر ثانی کی جائے ۔ چیئرمین فیڈمک نے انہیں ترقیاتی منصوبوں پر جاری پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور ایم تھری انڈسٹریل سٹی کیلئے سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ایک بڑا ہسپتال بنایا جائے گا جہاں ایمرجنسی وارڈ کے علاوہ ٹراما سنٹر، امراض قلب، جگر، آرتھو پیڈک سمیت دیگر شعبے بھی بنائے جائینگے اسی طرح فیڈمک کے اکنامک زونز سے ملحقہ ڈویژنل پبلک سکول بھی بنایا جائے گا۔ میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل ربی چیمہ، چیف آپریٹنگ آفیسر فیڈمک رانا یوسف، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو طارق گوندل، اسسٹنٹ کمشنر جھمرہ حیدر علی اور دیگر بھی شریک تھے ۔