وفاقی وزیر بحری امور کا دورہ این آئی ایم اے ، تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(دنیا رپورٹ)وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا پاکستان کی بلیو اکانومی کو مضبوط بنانے کے لیے سٹر ٹیجک شراکت داری ناگزیر ہے۔
بدھ کو انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز (این آئی ایم اے) کا دورہ کیا جس میں وزارت بحری امور اور این آئی ایم اے کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ۔وفاقی وزیرنے ایکو کلچر، گرین شپنگ، میری ٹائم ٹورازم اور گرین شپ ری سائیکلنگ جیسے اہم بحری شعبوں کو آگے بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے میری ٹائم پالیسی کی تشکیل، تحقیق کرنے اور پاکستان کے بحری مفادات کو آگے بڑھانے میں این آئی ایم اے کے کردار کے بارے میں بریفنگ حاصل کی جس میں بتایا گیا کہ پاکستا نی سمندری معیشت اس وقت ملکی جی ڈی پی کے 0.2 فیصد سے بھی کم نمائندگی کرتی ہے جو کہ 8-10 فیصد کے عالمی معیار کے بالکل برعکس ہے ،وفاقی وزیر نے پاکستان کی بحری معیشت کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔