سرکاری سکولز :اساتذہ کی کمی دور نہ ہوسکی،4461سیٹیں خالی

سرکاری سکولز :اساتذہ کی کمی دور نہ ہوسکی،4461سیٹیں خالی

کمی کے باعث یکم اگست سے شروع ہونیوالی داخلہ مہم متاثر ہونے کا خدشہ محکمہ تعلیم اپنی مرضی سے ضلعی سطح پر اجازت ملے بغیر بھرتیاں نہیں کرسکتا،علی احمد

فیصل آباد(میاں انجم سے )فیصل آباد کے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور نہ ہوسکی ، سرکاری سکولز میں اساتذہ کی 4461سیٹیں تعیناتی کی منتظر۔ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنے کے بعد سے تین سال میں ایک بھی نیا سکول ٹیچر بھرتی نہیں کیا جبکہ اس دوران صرف فیصل آباد سے ایک ہزار سے زائد ٹیچر ریٹائر ہوگئے جبکہ ریٹائرمنٹ سے خالی ہونے والی سیٹوں کو بھی پر نہیں کیا جاسکا ۔ فیصل آباد کے سرکاری سکولوں میں اس وقت 4461 اساتذہ کی سیٹیں خالی ہیں جن پر تاحال بھرتیاں نہیں کی جاسکی ہیں۔ اساتذہ کی کمی کے باعث یکم اگست سے شروع ہونے والی داخلہ مہم متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ اکثر ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں تمام مضامین کے ٹیچرز نہ ہونے سے والدین اپنے بچوں کو ان سکولوں میں داخل کروانے سے گریز کرتے ہیں۔ سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان کا کہنا ہے کہ خالی سیٹوں کی رپورٹ محکمہ تعلیم کو بھجوائی گئی ہے ۔ بھرتیوں کا اختیار صوبائی سطح پر ہے محکمہ تعلیم اپنی مرضی سے ضلعی سطح پر اجازت ملے بغیر اساتذہ کی بھرتیاں نہیں کرسکتا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں