بارشوں کا دوسرا سلسلہ آ پہنچا ، برساتی نالوں ، سیوریج لائنوں کی صفائی تا حال شروع نہ ہوسکی

بارشوں کا دوسرا سلسلہ آ پہنچا ، برساتی نالوں ، سیوریج لائنوں کی صفائی تا حال شروع نہ ہوسکی

گزشتہ ہفتے ہونیوالی بارشوں کا پانی تاحال شہر کے رہائشی ،نشیبی علاقوں میں بڑے بڑے تالابوں کی صورت میں جمع ،شکایا ت کے اندراج کے باوجود داد رسی نہیں ہوئی،شہریوں کا حکام سے نالوں، سیوریج سسٹم کی صفائی یقینی بنانے کامطالبہ

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ملک بھر کی طرح فیصل آباد شہر اور اس کے گردونواح میں مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ سر پر آ پہنچا ہے لیکن اس کے باوجود فیصل آباد کے محکمہ واسا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر کے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی ستھرائی کا کام نہیں کروایا گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کا پانی سیوریج سسٹم اور برساتی نالوں کی بدحالی کی وجہ سے تاحال شہر کے متعدد رہائشی اور نشیبی علاقوں میں بڑے بڑے تالابوں کی صورت میں جمع ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ جلد شروع ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے پیش نظر فیصل آباد کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے محکمہ واسا لاہور اور محکمہ واسا ملتان کی سروسز اور ہیوی مشینری اور تجربہ کار سٹاف کو فیصل آباد محکمہ واسا کو مدد فراہم کرنے کیلئے بلایا گیا ہے ان کی خدمات فراہم کرنے کے باوجود بھی برساتی اور گندے نالے سمیت سیوریج لائنوں کی صفائی ستھرائی کیلئے تاحال کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ، شہریوں کی جانب سے پانی کے نکاس کو بہتر بنانے کے حوالے سے حکام کو متعدد بار شکایات کا اندراج بھی کروایا گیا لیکن کوئی دادرسی نہیں ہوئی۔ شہریوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر بھر کے برساتی نالوں گندے نالوں اور سیوریج سسٹم کی فوری طور پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں