سگریٹ نوشی چھوڑ کر دل کی بیماری سے بچا جاسکتا :ڈاکٹر فیصل
روزانہ 30منٹ واک کی جائے ،صحت افزا کھانا کھائیں :دنیا سے گفتگو
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)روزانہ 30 منٹ واک اور سیگریٹ نوشی سے پرہیز کرکے دل کی بیماری سے بچا جاسکتا ہے ، ماہر امراض دل ڈاکٹر فیصل نے دنیا نیوز سے دل کے امراض سے بچائو کے عالمی دن کے حوالہ سے گفتگو میں کہا فیصل آباد میں دل کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے جبکہ ایف آئی سی ہسپتال میں اس حوالہ سے سہولیات دستیاب نہیں ہیں ، انہوں نے کہا شہری احتیاطی تدابیر اپنا کر دل کی بیماری سے بچ سکتے ہیں ، روزانہ 30 منٹ تک سیر ، مرغن غذاوں، فاسٹ فوڈ سے پرہیز اورسبزیوں و پھلوں کازیادہ استعمال دل کی بیماری سے بچاو کا ذریعہ ہیں ، ڈاکٹر فیصل نے بتایا شہری ذیابیطس ، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کنڑول میں رکھیں ، کم اور صحت افزا کھانا کھائیں اور ہر 6 ماہ بعد اپنا طبی معائنہ لازمی کروائیں ، ڈاکٹر فیصل نے کہا دل کے مریضوں میں زیادہ تعداد ایسی ہے جو اپنی بیماری سے لاعلم ہیں اور انکوں دل کی تکلیف ہونے پر بیماری کا علم ہوتا ہے لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے ۔