الائیڈ ہسپتال کی ایم آر آئی اور سی ٹی سکین مشین خراب

الائیڈ ہسپتال کی ایم آر آئی اور سی ٹی سکین مشین خراب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)الائیڈ ہسپتال کی ایم آر آئی اور سی ٹی سکین مشین خراب ، سول ہسپتال میں طویل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سی ٹی سکین مشین بند ، فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے فقدان اور انتظامی نااہلی سے مریض رُل گئے ۔

الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریجن کا سب سے بڑا ہسپتال ہے اور صرف اسی ہسپتال میں ایم آر آئی کی سہولت ہے جسکی دونوں ایم آر آئی مشینیں خراب ہیں ، پرانی ایم آر آئی مشین تو عرصہ دراز سے خرابی کی وجہ سے بند ہے جبکہ دوسری مشین بھی 10 روز سے خراب ہے جس سے روزانہ سینکڑوں مریض پرائیوٹ ہسپتالوں یا پھر لیبارٹریز سے ایم آر آئی ٹیسٹ کروانے پر مجبور ہیں ، سرکاری ہسپتال میں ایم آر آئی ٹیسٹ کی فیس 2 سے 4 ہزار جبکہ پرائیوٹ ہسپتال میں 5 سے 20 ہزار تک لی جارہی ہے ۔موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے پرائیوٹ ہسپتال اور لیبارٹری مالکان نے فیسوں میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔الائیڈ ہسپتال کی سی ٹی سکین مشین بھی کئی روز سے خراب ہے اور سی ٹی سکین ٹیسٹ کے لئے بھی مریض پرائیوٹ ہسپتالوں میں مہنگے داموں ٹیسٹ کروانے پر مجبور ہیں جبکہ سول ہسپتال میں بھی طویل لوڈشیڈنگ پر سی ٹی سکین مشین مکمل بند رہی ،سینکڑوں مریض فری سی ٹی سکین ٹیسٹ سے محروم رہے ، مریضوں کاکہنا ہے کہ ہسپتالوں کی نااہل انتظامیہ ذمہ داری لینے سے انکاری ہے ، حکومت بھی کوئی ایکشن نہیں لے رہی ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں