کمشنر نے پی ایچ اے کو شہر سرسبز بنانے کا ٹاسک دیدیا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)کمشنر سلوت سعید نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو شہر سرسبز بنانے کا ٹاسک سونپ دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے دورہ پر شہر کے فضائی جائزہ پر سرسبزوشادابی نہ ہونے پرشدید تحفظات کا اظہار کیاتھا جس پرکمشنرنے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی اور کہا کہ شہر کی شاہراہوں پر کیاریاں تیار کرکے 6/6 فٹ کے درخت لگائے جائیں۔انہوں نے پی ایچ اے کو فوری مقامات کی نشاندہی کی تاکیدکی اور ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کو تمام محکموں واداروں کے بیلدار پی ایچ اے کے سپرد کرانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا درخت لگانے کی مہم کی خود نگرانی کروں گی۔شہر کو سرسبز بنانا ترجیح ہے بڑے سائز کے پودوں کو سایہ دار درخت بنائیں گے ۔ گرین سٹی پلان کے مشن کو کامیاب بنائیں گے ۔کمشنرنے ریلوے لائنز کیساتھ گرین کوریڈوربنانے کیلئے اجلاس کی صدارت بھی کی۔سٹیشن سپرنٹنڈنٹ ریلوے سٹیشن یونس بھٹی اور پی ایچ اے افسروں نے شرکت کی۔کمشنر نے ریلوے افسروں سے گرین کوریڈور کا پلان طلب کرلیا۔ڈویژن میں ریلوے ٹریکس کے ساتھ گرین کوریڈور بنانے کے لئے پی ایچ اے سروسز فراہم کرے گی۔ریلوے ٹریک کے ساتھ پلانٹیشن کیلئے مقامات کی نشاندہی کرتے افسروں کو پلان تیارکرکے آئندہ جمعہ کوپیش کرنے کی ہدایت کی گئی جسکی روشنی میں پی ایچ اے کو اہداف تفویض ہونگے۔