زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سگریٹ نوشی عام ہو گئی

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں سگریٹ نوشی عام ہو گئی

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انتظامیہ کی روک ٹوک ختم ہوگئی۔ جامعہ میں طلبہ کی جانب سے سگریٹ نوشی عام ہو گئی ۔

 نظم و ضبط برقرار رکھنے کے دعویدار ڈائر یکٹر آف سٹوڈنٹس آفیئر ز سگریٹ نوشی تک نہ روک سکے ۔ طلبہ کینٹینز اور چھتوں پر سرعام سگریٹ نوشی کرنے لگے ۔فیصل آباد میں موجود زرعی یونیورسٹی میں انتظامیہ کا زور ختم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق جامعہ کے طلبہ سرعام سگریٹ نوشی کرنے لگے ۔ جامعہ کی کینٹینز اور چھتیں سموکنگ ایریا بن گئیں۔ انتظامیہ نے بھی روک تھام کے لیے کارروائیوں میں کمی کردی۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھی سگریٹ نوشی کرنے والے طلبہ سے مبینہ طور پر چند روپے لے کر چھوڑ دیا جاتا ہے جس سے طلبا کو سرعام سگریٹ نوشی کرنے کا مزید حوصلہ ملتا ہے ۔ جامعہ میں پڑھنے والی طالبات کا کہنا تھا کہ لڑکوں کی جانب سے یونیورسٹی کی کینٹینز اور چھتوں میں سگریٹ نوشی کی جاتی ہے جس کے باعث وہ پریشان ہوتی ہیں لیکن ڈی ایس اے کی جانب سے تعلیمی اداروں کے تقدس اور نظم و ضبط کو برقرار نہیں رکھا جارہا۔ انکا کہنا تھا کہ ڈائیریکٹر آف سٹوڈنٹ آفئیرز کی جانب سے دیگر غیر ضروری معاملات پر تو انکوائر یاں لگا دی جاتی ہیں لیکن اس برے فعل کو روکنے کے لیے کوئی کارروائیاں نہیں کی جارہیں۔ انکا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور ڈی ایس اے تعلیمی ادارے کے تقدس کو بحال رکھنے کے اقدامات کرے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں