ایل پی جی کے ناقص سلنڈر ، حادثات کا خطرہ : کوالٹی ٹیسٹنگ کا کوئی نظام ہی موجود نہیں

ایل پی جی کے ناقص سلنڈر ، حادثات کا خطرہ : کوالٹی ٹیسٹنگ کا کوئی نظام ہی موجود نہیں

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)فیصل آباد میں ایل پی جی سلنڈرز کی ساخت، کوالٹی اور سیفٹی کی جانچ کا نظام موجود نہ ہونے کا انکشاف، مارکیٹ میں مقامی سطح پر تیار ہونے والے غیرمعیاری سلنڈرز کی بھرمار نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں۔

شہر کی مختلف مارکیٹس میں فروخت ہونے والے سلنڈرز میں سے بیشتر غیرمعیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ فیصل آباد میں انتظامیہ کے پاس سلنڈر کی کوالٹی ٹیسٹنگ کا کوئی نظام ہی موجود نہیں جس کے باعث دکاندار کھلے عام سب سٹینڈرڈ سلنڈر فروخت کرنے میں مصروف ہیں۔ مارکیٹ میں دستیاب سلنڈروں میں سے بیشتر پر پیداواری تاریخ، ماڈل، دباؤ کی استطاعت اور پریشر ٹیسٹ جیسی معلومات ہی دستیاب نہیں ہوتیں جبکہ سول ڈیفنس سمیت انتظامیہ کے دیگر ادارے بھی معمول کے مطابق ڈنگ ٹپاؤ پالیسی کے تحت چیکنگ کرکے جان چھڑوا لیتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں دستیاب لوکل سلنڈر انتہائی ناقص میٹریل اور پتلی چادر سے بنائے جاتے ہیں جن کی کوئی گارنٹی نہیں۔ سوئی گیس لوڈ شیڈنگ کے باعث ایل پی جی سلنڈروں کا استعمال گزشتہ چند سال میں کئی گنا بڑھ گیا ہے جبکہ غیرمعیاری سلنڈر پھٹنے سے آئے روز گھروں اور دکانوں پر آتشزدگی کے واقعات بھی معمول بن گئے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انتہائی اہم مسئلے پر توجہ دی جائے تاکہ زندگیاں محفوظ رہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں