مسائل کا حل فکر اقبالؒ میں تلاش کیا جائے :ڈاکٹر ناصر

 مسائل کا حل فکر اقبالؒ میں تلاش کیا جائے :ڈاکٹر ناصر

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)دنیا بھر میں فکر اقبالؒ کا مطالعہ ایک ایسی دانش کے طور پر کیا جا رہا ہے جس نے بر صغیر کے مسلمانوں کو نظریاتی اور سیاسی قوت فراہم کی ۔۔

جس کی بنا پر پاکستان وجود میں آیا جو اسلام میں روشن خیالی کا استعارہ ہے اور مشرق اور مغرب میں رابطے کی اساس فراہم کرتا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عصر حاضر کے مسائل کا حل فکر اقبالؒ میں تلاش کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر ناصر امین نے عصر حاضر میں اقبال کی معنویت کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں کیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر رشید ڈپلومیٹ امریکن بورڈ آف میڈیسن تھے ، ان کو اقبالیات پر مکمل عبور حاصل ہے ، اقبال شناسی کے حوالے سے ڈاکٹر رشید کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر بابک محمود، شعبہ اردو کے اساتذہ اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ چیئرپرسن ڈاکٹر رابعہ سرفراز کا کہنا تھا کہ اقبال کی شاعری کا مرکز انسان ہے ، ان کا فکری پیغام کسی ایک مخصوص علاقے یا دور کے لیے نہیں ہے بلکہ آفاقی نوعیت کا ہے اور جس کی جڑیں قرآن پاک اور رسول کریم کی تعلیمات سے جڑی ہوئی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں