منافقین کام کے وقت دوسرے شہر بھاگ جاتے ہیں،میئر
شہریوں کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرینگے ،ضلع غربی میں منصوبوں کا سنگ بنیاد
کراچی (این این آئی)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع غربی مومن آباد ٹاؤن میں 12 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی علی احمد جان ،پاکستان پیپلز پارٹی کے مختلف عہدیداران، سٹی کونسل کے اراکین، ڈپٹی پارلیمانی لیڈران ، یوسی چیئرمین، علاقہ مکین کی بڑی تعداد موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صرف وعدے کرنے نہیں آئے بلکہ ان وعدوں کی تکمیل کی عملی مثال دینے آئے ہیں ،ہم یہاں مختلف کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے آئے ہیں اور کام ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں، منافقین باتیں بہت کرتے ہیں کام کرنے کا وقت آتا ہے تو دوسرے شہر بھاگ جاتے ہیں، ہم کراچی والوں کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل حل کرینگے ،میئر کراچی نے کہا کہ مومن آباد کی یوسی 22، 23 اور 25 میں سڑکوں کی بحالی اور بہتری کے منصوبوں کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے ، منصوبے کے تحت 113,796 اسکوائر فٹ جدید پیور بلاکس کی تنصیب کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ سیوریج سسٹم کی بہتری کو بھی منصوبے کا اہم حصہ بنایا گیا ہے۔