ریسکیو 1122 سال میں 7لاکھ 71 ہزار سے زائد کالز موصول کم وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی
صرف ایک لاکھ 56ہزار کے لگ بھگ ایمرجنسی کالز ، چھ لاکھ سے زائد کالز غیر ضروری یا غیر متعلقہ نکلیں،3ہزار 500افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ،شہری غیر ضروری کالز کرنے سے اجتناب کریں :حافظ احتشام
فیصل آباد (عبدالباسط سے )2025 میں ریسکیو 1122 اہلکاروں نے کم وسائل کے باوجود مصیبت میں پھنسے شہریوں کو بروقت مدد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ریسکیو 1122 کنٹرول روم میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 71 ہزار سے زائد کالز موصول ہوئیں، صرف ایک لاکھ 56 ہزار کے لگ بھگ ایمرجنسی کالز تھیں، جبکہ باقی چھ لاکھ سے زائد کالز غیر ضروری یا غیر متعلقہ نکلیں، جس کی وجہ سے اہلکاروں کو خدمات فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ریسکیو اہلکاروں کو 31 ہزار سے زائد ٹریفک حادثات، ایک لاکھ 6 ہزار سے زائد میڈیکل ایمرجنسیز، 2 ہزار سے زائد آگ لگنے کے واقعات اور 190 سے زائد عمارتیں گرنے کے واقعات موصول ہوئے ۔100 سے زائد افراد کے پانی میں ڈوبنے اور 3 ہزار 500 سے زائد مختلف نوعیت کے کرائم کیسز کے ایمرجنسی کالز بھی ریسکیو کنٹرول روم کو موصول ہوئیں۔ ان تمام واقعات میں ریسکیو اہلکار فوراً موقع پر پہنچ کر مصیبت زدگان کی مدد میں پیش پیش رہے ۔
سال کا سب سے خطرناک حادثہ ملک پور میں کیمیکل فیکٹری میں دھماکہ تھا ، جس کے نتیجے میں متعدد فیکٹریوں اور گھروں کی چھتیں گر گئیں۔سال بھر میں مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ،3 ہزار 500 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور 500 سے زائد جاں بحق ہوئے ، ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو 1122 حافظ احتشام واہلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری کالز سے مصروف نہ رکھیں تاکہ ایمرجنسی کالز پر بروقت کارروائی ممکن ہو سکے ۔