شہر میں ان کورڈ سائیڈ واک ڈرینز کور کرنے کا عمل تیز
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد شہر میں ان کورڈ سائیڈ واک ڈرینز کو تیزی سے کور کرانے کے لیے سرگرم عمل ہے ۔
اس ضمن میں واسا اور میونسپل کارپوریشن کی ٹیمیں شاہراہوں پر متحرک ہیں، جبکہ ایک دہائی بعد ڈرینز کی ڈی سلٹنگ کے بعد انہیں کور کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ملت روڈ پر بغیر کور ڈرینز کو کور کر دیا گیا ہے ، جبکہ سرگودھا روڈ کے آدھے حصے پر ڈرینز کور کرنے کا کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی حصے پر کام جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ واسا کی جانب سے اقبال سٹیڈیم اور کچہری روڈ پر روڈ سائیڈ ڈرینز پر ڈھکن اور سلیب لگانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ، جبکہ جڑانوالہ روڈ پر کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔کمشنر فیصل آباد کے مطابق میونسپل کارپوریشن کو جھنگ روڈ، نڑوالا روڈ اور سمندری روڈ پر بلا تاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ شیخوپورہ روڈ، ڈی گراؤنڈ چن ون روڈ، سوساں روڈ، دربار قائم سائیں روڈ اور لاثانی پل پر بھی روڈ سائیڈ ڈرینز کو کور کیا جائے گا۔