غیر معیاری ادویات53 کیسز کی سماعت،33 ڈرگ کورٹ ریفر

غیر معیاری ادویات53 کیسز کی سماعت،33 ڈرگ کورٹ ریفر

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے میڈیکل اسٹورز اور غیر کوالیفائیڈ افراد کے زیرِ انتظام چلنے والے میڈیکل کلینکس کے خلاف محکمانہ کارروائی کے 53 کیسز میں قصورواروں کا مؤقف سنا۔

بورڈ نے مستند جواز پیش نہ کرنے پر 33 کیسز ڈرگ کورٹ ریفر کرنے ، 18 کیسز میں وارننگ جاری کرنے ، ایک کیس ریکارڈ نامکمل ہونے پر مؤخر کرنے اور ایک میڈیکل اسٹور کو ڈی سیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز) زینب جہانداد کی زیر صدارت ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ روبینہ اختر، کمیٹی کے ممبران اور ڈرگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز) نے کہا کہ ضلع فیصل آباد میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کی فروخت جیسے گھناؤنے دھندے کے مکمل خاتمے کے لیے ڈرگ انسپکٹرز اپنی ذمہ داریوں کا بھرپور ادراک کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاج کے نام پر انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں