بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم میں مبینہ رشوت ستانی جاری ، حقدار خوار

بینظیر    انکم     سپورٹ    پروگرام    کے   تحت   رقم    کی    تقسیم    میں    مبینہ    رشوت    ستانی    جاری    ،     حقدار    خوار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم میں مبینہ رشوت ستانی کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ ریٹیلرز کی جانب سے رقم کی ادائیگی کی مد میں خواتین سے 500 سے 1000 روپے تک فیس کی وصولی جاری ہے ۔

حکام نے معاملہ علم میں ہونے کے باوجود چپ سادھ لی۔ رقم کی تقسیم کے لیے بنائے گئے سنٹرز پر ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر لوٹ مار کی شکایات عام ہوگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق خواتین کو رقم کی جلد ادائیگی کے عوض 500 سے 1 ہزار روپے تک کی غیرقانونی طور پر کٹوتی کی جاتی ہے جبکہ کئی خواتین کو اصل سے کم رقم آنے کا بہانہ بنا کر مبینہ طور پر باقی کی رقم اپنی جیب میں ڈال لی جاتی ہے ۔ بغیر کسی سائبان کے دھوپ میں سارا دن خواتین کا کوئی پرسان حال نہیں۔ پسینے میں شرابور ہوکر روزانہ کئی ایک کی حالت غیر ہو جاتی ہے تاہم حکام کو کوئی پرواہ نہیں۔ اذیت کا شکار خواتین کے مطابق چند ہزار کی امداد دینے کیلئے انہیں کئی کئی روز خوار کیا جاتا ہے ۔ دن چڑھتے ہی لائنوں میں لگ جاتے اور سارا سارا دن انتظار کرنے کے بعد کسی کو خالی ہاتھ تو کسی کو ادھوری رقم دے کر لوٹا دیا جاتا ہے ۔ بدنظمی کے باعث دھکم پیل کا شکار ہو کر عمر رسیدہ خواتین کی حالت غیر ہوجاتی ہے ۔ لیکن حکومت بہتر نظام تشکیل دینے میں ناکام ہے ۔ اس سے قبل رقم کی تقسیم کے لیے حکومت نے اے ٹی ایم کارڈ کا سلسلہ شروع کیا تھا تاہم وہ بھی بند کردیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مسئلہ کے سد باب کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں