سرکاری اراضی پر قبضے ختم کرانے کے معاملات ،افسروں کا صوبائی محتسب کو جواب نہ دینا معمول

سرکاری اراضی پر قبضے ختم کرانے کے معاملات ،افسروں کا صوبائی محتسب کو جواب نہ دینا معمول

فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے )سرکاری اراضی پر ناجائز قابضین کے قبضے کو ختم کروانے کے معاملے پر صوبائی محتسب کی ۔

جانب سے بار بار جاری کیے گئے نوٹسز کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور ڈپٹی کمشنر صوبائی محتسب کو کسی خاطرمیں نہ لائے ، ضلعی انتظامیہ کے افسران نے صوبائی محتسب کو جواب نہ دینا معمول بنالیا ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں اربوں روپے مالیت کی کئی ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضہ مافیا نے پنجے گاڑ رکھے ہیں سرکاری اراضی سالہا سال سے قبضہ مافیا کے پاس ہے لیکن متعلقہ افسران ٹس سے مس نہیں ہورہے ، سرکاری اراضی پر قبضہ ختم کروانا تو درکنار انتظامی افسران صوبائی محتسب کے نوٹسز پر جواب دینا بھی مناسب نہیں سمجھتے ،صوبائی محتسب کی جانب سے سرکاری اراضی کو واگزار کروانے میں ناکامی پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو 22 فروری کو نوٹس جاری کیا گیا لیکن اے ڈی سی آر نے کوئی جواب نہ دیا جس پر صوبائی محتسب نے 5 مارچ کو ڈپٹی کمشنر کو ریمائنڈر جاری کیا ، 27 مارچ کو پھر نوٹس جاری کیا لیکن ڈپٹی کمشنر نے جواب دیا نہ اے ڈی سی آر کے کانوں پر جوں رینگی، 8 مئی کو دوبارہ ریمائنڈر دیا گیا لیکن حسب معمول ڈپٹی کمشنر یا اے ڈی سی آر نے جواب تک دینا مناسب نہ سمجھا، اب صوبائی محتسب کی جانب سے دوبارہ ڈپٹی کمشنر کو ریمائنڈر بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 28جون تک رپورٹ بھجوائی جائے ۔معاملے سے متعلق ڈپٹی کمشنر عبداللہ نئیر شیخ کا کہنا ہے کہ سرکاری اراضی پر قبضے کی انکوائری کررہے ہیں، صوبائی محتسب کو بھجوانے کے لیے رپورٹ بھی تیار کی جارہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں