بچیانہ:مسافر بس الٹ گئی، متعدد خواتین سمیت 53مسافر زخمی

بچیانہ:مسافر بس الٹ گئی، متعدد خواتین سمیت 53مسافر زخمی

بچیانہ(نمائندہ دنیا )بچیانہ میں رات گئے تیز رفتار اوور لوڈ مسافر بس الٹ گئی، مردو خواتین سمیت 53سے زائد مسافر شدید زخمی ہوگئے ، 9کی حالت نازک ،لاہور منتقل کردیا گیا۔

بچیانہ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے فورٹ عباس جانے والی مسافر بس جس میں 120کے قریب مسافر سوار تھے گذشتہ رات 1بجے کے قریب بچیانہ ننکانہ روڈ پر چک نمبر562گ ب کے قریب پہنچی تو بس ڈرائیور محمد سرور اوور لوڈ تیز رفتار بس پر قابو نہ پاسکا اور بس الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 53سے زائد مسافر زخمی ہوگئے ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ بچیانہ شیخ شعیب احمد پولیس نفری کے ہمراہ اورریسکیو ٹیمیں فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے فوری امدادی کاروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کر دیا جہاں سے نازک حالت کے پیش نظر 9زخمیوں کو لاہور ریفر کردیا گیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی قریبی گاؤں چک نمبر562گ ب اور چک نمبر560گ ب کے باسی بھی امدادکیلئے فوری موقع پرپہنچ گئے جنہوں نے زخمی مسافروں کو بس سے نکالا ۔ پولیس تھانہ بچیانہ نے بس ڈرائیور محمد سرور کو گرفتار کرکے اے ایس آئی صابر ڈوگر کی مدعیت میں ا سکے خلاف اوور لوڈنگ و تیز رفتاری اور غفلت برتنے پر زیر دفعہ 279اور 337Gت پ کے تحت مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے ۔ بس الٹنے کے افسوسناک واقعہ پرآر پی او فیصل آباد ڈاکٹر محمد عابد خان نے نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد کامران عادل سے رپورٹ طلب کرلی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں