چک جھمرہ :افسران نے سینٹری ورکرز کو گھریلو کاموں پر لگا لیا

چک جھمرہ (نامہ نگار )میونسپل کمیٹی چک جھمرہ کے افسران نے سینٹری ورکرز کو اپنے گھریلو کاموں پر لگا دیا، شہر میں صفائی کی صورتحال بدترین ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی چک جھمرہ میں کئی سالوں سے 90 کے قریب سینٹری ورکر شہر کے 12 وارڈز کی صفائی ستھرائی کا کام کرتے تھے ، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان اب سینٹری ورکرز کی تعداد کم ہو کر 50 کے قریب رہ گئی لیکن اس کے برعکس آبادی کافی زیادہ بڑھی تو شہر کی صفائی ستھرائی میں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا تھا جس کو مدنظر رکھتے ہوئے لوکل گورنمنٹ نے ماہانہ کی بنیاد پر سینٹری ورکرز کے آرڈر کیے ، جنہوں نے جھمرہ میونسپل کمیٹی میں صفائی ستھرائی کا کام سر انجام دینا تھا مگر افسران نے ان کی بندر بانٹ کرتے ہوئے ان میں سے کچھ مالی، بیلدار اور کچھ کوگھروں کے کام کاج کے لیے وقف کر لیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر چک جھمرہ نے اپنے ایک چہیتے کو نوازتے ہوئے سپروائزر لگا رکھا ہے جو اپنی جیبیں بھرنے کے ساتھ ساتھ افسران کی چاپلوسی کرتا ہے جس کی وجہ سے چک جھمرہ شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال دن بدن انتہائی ناگفتہ بہ ہوتی جا رہی ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ، ڈویژنل کمشنر ، چیف سیکرٹری اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لے کر اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔