بچیانہ :صفائی و نکاسی آب کا ناقص نظام ،شہری پریشان

بچیانہ :صفائی و نکاسی آب کا ناقص نظام ،شہری پریشان

بچیانہ(نمائندہ دنیا )بچیانہ میں صفائی و نکاسی آب اور سیوریج کا نظام ابتر ہو گیا جس کے باعث شہری اذیت میں مبتلا ہو کر رہ گئے جبکہ لاکھوں روپے مالیتی عمارتیں متاثر ہونے لگیں، دُکانداروں نے ناجائز تجاوزات قائم کرکے مین نالہ کو اوپر سے مکمل بند کردیا ۔

 تفصیلات کے مطابق بچیانہ کی شہری آبادی اور مارکیٹس میں صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال کے پیش نظر ہر طرف گندگی کے ڈھیر اور بازاروں میں سیوریج کا پانی بہنے لگا جس کے باعث موذی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوچکا جبکہ شدید حبس کے باعث گندگی سے تعفن اٹھنے پر راہگیروں کا گذرنا بھی محال ہوچکا ۔ یاد رہے بچیانہ کے مین سرکلر روڈ کے ساتھ شہری آبادی کے سیوریج کا مین نالہ گذرتا ہے جسے دُکانداروں نے مکمل طور پر اوپر سے تعمیر کرکے بند کر رکھا ہے اور صفائی کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہے جس کی وجہ سے بچیانہ کے گلی محلوں میں گندا پانی جوہڑوں کی شکل اختیار کرچکا ہے اور ہلکی سی بارش کے بعد کسی ایک بازار سے بھی گذرنا محال ہوجاتا ہے ہر طرف پانی ہی پانی نظر آتا ہے ۔ اہلیان علاقہ نے ضلعی اور تحصیل انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بچیانہ کے مین سرکلر روڈ کے ساتھ نالہ سے تجاوزات ختم کرو اکر ہیوی مشینری کے ذریعہ تمام نالوں کی مکمل صفائی کروائی جائے تاکہ شہریوں کی قیمتی پراپرٹی تباہ وبرباد ہونے سے بچ سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں