ہمیں اسوئہ حسینی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے :شبیر عثمانی

 ہمیں اسوئہ حسینی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے :شبیر عثمانی

چناب نگر(نامہ نگار )مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ چنا ب نگر کے بانی مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے کہا ہے کہ باطل نظریات کے حامل حکمرانوں اورطاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ جاناحضرت امام حسین ؓکی سنت ہے۔

 آپؓ نے اپنی اور ساتھیوں کی قربانی دے کر ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیاتک کے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے ،اسلام ساڑھے چودہ سو سال سے دہشت گردی کا شکار چلا آرہا ہے ، ہمیں اسوئہ حسینی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چناب نگر میں عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پر مولانا سیف اللہ حنفی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ مولانا قاری شبیر احمد عثمانی نے کہا کہ صیہونی اورسامراجی قوتوں اوران کے ایجنٹوں نے ہمیشہ اسلام اورمحسن انسانیت حضرت محمد ؐ سے لے کر خلفائے راشدین ؓ،صحابہ کرامؓ،اہلبیت عظامؓ کو جارحیت کا نشانہ بنانے سے دریغ نہیں کیا، اسلام ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہودوہنود آج بھی بے گناہ مسلمانوں پر ظلم وستم کرکے اپنی سابقہ روایات پر عمل پیراہیں، ہمارے حکمرانوں کو خلفائے راشدینؓ ؓکی سیرت وکردار اورانداز حکمرانی سے استفادہ کرناچاہیے ،انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو متحد ہوکر طاغوتی وسامراجی شیطانی قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے حضرت سیدنا امام حسینؓ کی سنت پر عمل کرنا چاہیے ۔ مولانا سیف اﷲ حنفی نے کہا کہ باطل قوتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کے اندر تمام طبقات میں ہم آہنگی موجود ہے ،ہم حسینی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں