پاکستان کیساتھ تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں :نیپالی سفیر

پاکستان کیساتھ تجارت کو بڑھانا چاہتے ہیں :نیپالی سفیر

گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار) نیپال کے پاکستان میں سفیر تاپس ادھیکاری نے گجر ات چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور صدر سکندراشفاق صدر کے زیر صدارت گجرات چیمبر کے ممبر ز کے ساتھ میٹنگ کی۔

سکندر اشفاق رضی نے گجرات کی صنعت وتجارت کے بارے میں آ گاہی دی۔انہوں نے کہا کہ گجرات کی اہم صنعت میں پنکھے ، فرنیچر، پاٹری، جیم اور جیولری، پی وی سی پائپ، پری کاسٹ اور زرعی مصنوعات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیپال سے چائے ، کافی، مسالہ جات، ٹیکسٹائل مصنوعات، جڑی بوٹیاں، تیل اور دیگر مصنوعات منگواتا ہے اسی طرح پاکستان سے نیپال زرعی مصنوعات، ٹیکسٹائل مصنوعات، جراہی آلات، سیمنٹ، کھاد ، مختلف اقسام کی مشینیں، آٹو موبائل پارٹس اور دیگر مصنوعات منگواتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بہت کم ہے جسے وفود کی تبدیلی، معلومات کے تبادلے اور معاہدوں کے ذریعے بڑھایا جا سکتا ہے ۔نیپالی سفیر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے روابط اچھے ہیں لیکن ٹریڈ بہت کم ہے ، ہم تیار ہیں کہ پاکستان سے وفود نیپال آئیں۔ ہماری ویزہ پالیسی بھی بہت آسان ہے ،گجرات چیمبر سے وفد کی صورت میں نیپال آئیں میں سپورٹ اور رہنمائی کروں گاا ور آپ کے ساتھ لوکل کاروباری افراد کی میٹنگز کا انتظام بھی کروں گا اور کمرشل اداروں کی معلومات بھی آپ کے ساتھ شیئر کریں گے ۔ سفیر کو گجرات کے صنعتی سیکٹر کا دورہ بھی کرایا گیا جن میں انہوں نے این ایم فرنیشرز، الحمید سرامکس ، خورشید فین اور کشمیر جیولرز کا دورہ کیااور گجرات کی مصنوعات کی کوالٹی اور پراسس کو دیکھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں