ناقص صفائی پر ڈی سی کا اظہاربرہمی، افسران معطل
ہیلتھ کلینک، پارک ، سکولوں کے دورے ، سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایات
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے مریم نواز ہیلتھ کلینک مخدوم پور پہوڑاں کا دورہ کرتے ہوئے ناقص صفائی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے علاج معالجہ، ادویات کی فراہمی اور عملے کے رویے بارے براہ راست استفسار بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کرنا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ دوبارہ دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیں گی۔دریں اثنا، ڈپٹی کمشنر نے رات کے اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کی بندش کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی خانیوال کے ڈیوٹی لائٹ انسپکٹر عامر عباس کو معطل کر دیا اور پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی۔مزید برآں، میاں چنوں پارک میں صفائی کی ناقص صورتحال پر میونسپل کمیٹی کے آفس سپرنٹنڈنگ سجاد حسین شاہ کو بھی معطل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے اچانک دورے کے دوران پارک کی حالت ناگفتہ بہ پائی گئی تھی۔بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول حمید نگر کا بھی اچانک دورہ کیا، جہاں صفائی، اساتذہ اور طالبات کی حاضری کا جائزہ لیا۔ کلاس رومز میں جا کر طالبات سے سوالات کیے اور ہیڈ ٹیچر کو روشنی کے مناسب انتظامات یقینی بنانے اور تعلیمی معیار مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔