نئے انتظامی یونٹس کاقیام گورننس مسائل کا حل، فاروق ستار
فیصلے کی گھڑی آ گئی،عوام کو اپنی تقدیر کا خود مالک بننا ہوگا،سینئر رہنما ایم کیو ایمآرٹیکل 140اے کو اٹھائیسویں ترمیم میں شامل کیا جائے ،فرنیچر ایکسپو سے خطاب
کراچی(بزنس رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک میں فیصلے کی گھڑی آ چکی ہے اور اب عوام کو اپنی تقدیر کا خود مالک بننا ہوگا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ فرنیچر ایکسپو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایکسپومیں تاجربرادری، صنعتکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان میں گورننس کے مسائل کا حل نئے انتظامی یونٹس کے قیام میں ہے اور اٹھائیسویں ترمیم کے تحت اس حوالے سے فیصلے ہو جانے چاہئیں۔ ایم کیو ایم کا مطالبہ ہے کہ آرٹیکل 140 اے کو اٹھائیسویں ترمیم میں شامل کیا جائے تاکہ بلدیاتی نظام کو آئینی تحفظ مل سکے اور اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام اپنے جائز مطالبات کیلئے سڑکوں پر نکلے اور شاہراہ فیصل پر بیٹھ گئے تو پھر مطالبات منوانے پر جانا پڑے گا۔فاروق ستار نے کہا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کیلئے میئر کا لا اینڈ آرڈر میں واضح کردار ہونا چاہیے اور کمیونٹی پولیسنگ کے نظام کو مؤثر بنایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جو لاوا پک رہا ہے ، اس سے متعلق وہ پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں۔سینئر ایم کیو ایم رہنما نے معیشت میں تاجر برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ مشکل معاشی حالات میں بھی کاروباری طبقہ ملک کی معیشت کا پہیہ رواں رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے فرنیچر کے بڑے برانڈز سے اپیل کی کہ وہ قرعہ اندازی کے ذریعے غریب بچیوں کے جہیز کا انتظام کریں تاکہ سماجی ذمہ داری کے تقاضے بھی پورے ہو سکیں۔