96فیصد کوریج کے ساتھ پولیو مہم کا آخری رائونڈ مکمل
مہم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ضلع سرگودھا میں جاری قومی انسداد پولیو مہم کا رواں سال کا آخری راؤنڈ کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ مہم کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت ایوننگ جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سائرہ صفدر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد گل، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے اور ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کا ہدف مقرر تھا۔
جس میں سے 6 لاکھ 81 ہزار 134 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ، یوں مجموعی کوریج 96 فیصد رہی۔ نان ایکسیسبل بچوں میں سے 87 فیصد کو کور کیا گیا جبکہ کسی قسم کے سنجیدہ انکار کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اجلاس میں خصوصی طور پر ہاؤس ہولڈ کوریج کا جائزہ لیا گیا، جس کے مطابق 5 لاکھ 29 ہزار 88 گھروں کا ہدف تھا، جن میں سے 5 لاکھ 18 ہزار 914 گھروں میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔ اس طرح ہاؤس ہولڈ کوریج 98 فیصد رہی۔ مزید بتایا گیا کہ کیچ اپ ڈے کو 23 ہزار 220 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔ اس دوران زیرو ڈوز بچوں کی نشاندہی کر کے انہیں بھی کور کیا گیا۔