سندھ جاب پورٹل پر ملازمتوں کے اشتہارات جلد جاری ہونگے،آصف حیدر شاہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سیکریٹری کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام صوبائی محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔۔۔
اجلاس میں جاب پورٹل، پینشن معاملات، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی، آڈٹ پیراز اور دیگر اہم انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ وہ تمام محکمے جنہوں نے تاحال صوبائی جاب پورٹل پر ملازمتوں کے اشتہارات جاری نہیں کیے ، وہ جنوری کے آخر تک اشتہارات جاری کریں تاکہ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے ۔چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب محکمہ قانون، محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے تمام سمریاں وزیر اعلیٰ سندھ کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں ارسال کی جائیں گی اور اس کہ بعد دیگر محکموں کے سیکریٹریز کو ٹریننگ دی جائے گی تا کہ ان محکموں سے بھی تمام سمریاں وزیر اعلیٰ سندھ کو ڈیجیٹل فارمیٹ میں بھیجی جائیں۔ عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ وزیر اعظم پورٹل سے موصول ہونے والی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے ، تاکہ عوام کا حکومتی نظام پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔