غیر قانونی تعمیرات، رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کا نوٹس
ٹیپو سلطان روڈ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایس بی سی اے سے رپورٹ طلبرہائشی پلاٹ کو کمرشل استعمال میں تبدیل کرنے پر عدالت نے وضاحت مانگ لی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے غیر قانونی تعمیرات اور رہائشی علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کے خلاف دائر درخواست پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر فریقین سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواست کی سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔ سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو غیر قانونی تعمیرات اور رہائشی علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹیپو سلطان روڈ کے رہائشی علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں جبکہ رہائشی عمارت کے اندر دکان بھی چلائی جارہی ہیں۔ سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر قانونی تعمیرات نہیں ہوئیں بلکہ صرف اوپن ایئر اسپیس نہیں چھوڑی گئی۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا مطلب صرف اوپن ایئر اسپیس نہیں چھوڑی گئی، پھر آپ نے اس حوالے سے کیا کارروائی کی؟ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایس بی سی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت چار ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ نے رہائشی پلاٹ کی حیثیت تبدیل کرکے کمرشل استعمال سے متعلق دائر درخواست پر سینئر ڈائریکٹر ماسٹر پلان اتھارٹی کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے رہائشی پلاٹس کی حیثیت کی تبدیلی سے متعلق رپورٹ 19 جنوری تک طلب کرلی ہے ۔